تین  چیزیں جو آپ کو یوحنا کے پہلے، دُوسرے اور تیسرے خط  کے بارے میں جاننی چاہئیں
30/09/2025
تین چیزیں جو آپ کو یہوداہ کے عام خط کے بارے میں جاننی چاہئیں
16/10/2025
تین  چیزیں جو آپ کو یوحنا کے پہلے، دُوسرے اور تیسرے خط  کے بارے میں جاننی چاہئیں
30/09/2025
تین چیزیں جو آپ کو یہوداہ کے عام خط کے بارے میں جاننی چاہئیں
16/10/2025

تین  چیزیں جو آپ کو حبقُوق  کی کتاب کے بارے میں جاننی چاہئیں

حبقُوق کی دِلی آرزُو یہ تھی کہ ایسا عدل و اِنصاف قائم ہو جو خدا کی بزرگی اور اُس کی عظمت کے شایان ہواور اُس کی اِس کے فقدان پر  شدید بے چینی، اُس کی کتاب کو دَورِ حاضر کے قاری کے لئے نہایت معنی خیز بنا دیتی ہے۔ چونکہ ہم دُنیا بھر سے موصول ہونے والی پریشان کُن خبروں اور ہولناک مناظر سے ہر وقت گھِرے ہوئے ہیں، اِس لئے اگر ہم اِن سب کو  اِنجیل کی روشنی میں نہ دیکھیں تو یہ مسائل ایک ناقابلِ برداشت بوجھ دِکھائی دیتے ہیں۔ مزید برآں، حبقوق کا اپنی اور اپنی قوم کی اخلاقی کمزوریوں کا اِدراک ہمیں  اِس بات سے آگاہ کرتا  ہے کہ گناہ کی جڑیں اِنسانی فطرت میں پیوست ہیں اور اِس مسئلے کا شکار تمام نسلِ اِنسانی ہے۔ تاہم یہ سب کچھ جاننے اور یہ منظر دیکھنے کے باوجود، نبی جب خدا سے شِدتِ درد کے ساتھ دُعا کرتا ہے تو اُسے خدا کی طرف سے جو جوابات ملتے ہیں، وہ اُسے شک اور مایوسی کی حالت سے نکال کر ایک مضبوط اِیمان اور  شادمانی کی کیفیت میں لے آتے ہیں، یہاں تک کہ تاحال یہوداہ اور اُس کی سرحدوں میں کوئی ظاہری تبدیلی ظاہر نہیں ہوئی تھی۔

اِس کتاب کے  تین اہم عناصر نمایاں ہیں جو نہ صرف نبی کی رُوحانی ترتیبِ نو میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ اُن میں یہ صلاحیت بھی پائی جاتی ہے کہ وہ ہمارے رویوں، اَعمال اور توقعات کی راہ نمائی کریں، خاص طور پر ایسی دُنیا میں جہاں حالات ساتویں صدی قبلِ مسیح کے قدیم مشرق کی طرح بے قابو اور تباہ کُن روِش کی جانب گامزن محسوس ہوتے ہیں۔ 

1۔ خدا یہوداہ کی سرزمین میں پائی جانے والی بے اِنصافی سے غافل نہیں۔

یہ حقیقت حبقّوق کی اُس اِبتدائی سوچ کی براہِ راست تردِید ہے جو اُس نے کتاب کے اِبتدا میں ظاہر کی۔ اگرچہ وہ خدا پر نااِنصافی کا اِلزام عائد نہیں کرتا، تو بھی اگر خدا کچھ نہ کرے تو اِس نتیجے پر پہنچنا ناگزیز دِکھائی دیتا ہے (حبقوق 2:1-4)۔ تاہم خدا کی طرف سے نبی کو ملنے والا جواب اِنتہائی صبر آمیز اور نصیحت آموز ہے۔نافرمان یہوداہ پر خدا کی عدالت لانے کا عزم (جو کہ حبقوق کی اِبتدائی فریاد بھی تھی) یہ ظاہر کرتا ہے کہ خدا کی اپنی قوم سے عہد کی وفاداری اُنہیں گناہ کے نتائج سے مکمل تحفظ کی ضمانت نہیں دیتی۔ خدا نااِنصافی کے معاملے میں غیر جانب دار یا بے پروا نہیں ہے۔ 

لیکن جب خدا اپنے نبی پر ظاہر کرتا ہے کہ وہ یہوداہ کو سزا دینے کے لئے بابلیوں کو اِستعمال کرے گا تو حبقوق ایک مرتبہ پھر حیران و پریشان ہو جاتا ہے۔ وہ یہ سمجھتے ہوئے کہ یہوداہ بابل سے ”زیادہ راست باز“ ہے (حبقوق 13:1) ظاہر کرتا ہے کہ اگر خدا ایسا ہونے کی اِجازت دیتا ہے تو یہ بھی برائی کو تسلیم کرنے کے مترادف  ہوگا (حبقوق 13:1)۔ 

2۔ خدا بابل میں نااِنصافی کے بارے میں بے پرواہ نہیں ہے۔

حبقوق کی کتاب کے دُوسرے باب میں عائد کئے جانے والے اِلزامات کے جواب میں خدا کا طویل ردِعمل اِس بات کو واضح کرتا ہے کہ خدا بابل کے گناہ سے پوری طرح واقف ہے، یہاں تک کہ یہوداہ پر حملہ کرنے سے پہلے ہی۔ خدا بابل کے متکبرانہ رویے، تشدد اور خود پرستی کی تفصیل سے وضاحت کرتا ہے جو بابل کو ایک سلطنت کے طور پر قدِیم مشرق وُسطیٰ کے زیادہ تر حصے پر غلبہ حاصل کرنے کے لئے تحریک دیتی تھی۔ حبقوق 5:2 میں اِس کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے بیان کیا گیا ہے کہ بابل کو دُوسروں سے مالِ غنیمت  چھیننے اور خود کو دولت مند بنانے کے لئے تشدد کا راستہ اِختیار کرنے پر ملامت کیا گیا ہے (حبقوق 6:2-13) اور وہ اپنی دسترس میں موجود ہر ذریعہ اِستعمال کرتا رہا تاکہ دِیگر اَقوام سے جو کچھ وہ چاہتا تھا، چھین لے (حبقوق 15:2-17)۔ اِن ساری باتوں کے دوران اُس نے اپنی کامیابیوں کا سہرا غیر معبودوں کے سر پر رکھا  (حبقوق 18:2-19)۔ 

بابل کے عالم گیری سطح پر غلبے کے برعکس، خداوند اِعلان کرتا ہے کہ ایک ہیبت ناک عدالت عنقریب اُس سلطنت پر نازل ہونے والی ہے۔ لیکن خدا کی مداخلت صرف بابل کے گناہوں کا بدلہ لینے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ حبقوق کے خدا سے کئے جانے والے دُوسرے سوال کا جواب بھی دے گی۔ خدا وعدہ کرتا ہے کہ وہ نجات بخش بادشاہی کو تمام دُنیا میں قائم کرے گا،یہاں تک کہ ساری زمین خدا کے عرفان سے اُسی طرح معمور ہو جائے گی جیسے سمندر پانی سے بھرے ہوتے ہیں (حبقوق 14:2)۔ یہ نکتہ خدا کے اُس تیسرے اہم عنصر کی جانب اِشارہ کرتا ہے جو خدا کی طرف سے حبقوق کو دیئے گئے جواب میں واضح ہوتا ہے۔ 

3۔ خدا پر اِیمان لانا دِل کو سکون بخشتا ہے اور زندگی کی راہ دِکھاتا ہے۔

اِس سے پہلے کہ خدا، باب 3 میں خاص طور پر حبقوق 14:2 کے وعدے کی تفصیل بیان کرے،   وہ اپنی کامل عدالت اور حیران کُن فضل کے ذریعے گنہگاروں کو سزا دے کر گناہ کو ہمیشہ کے لئے مٹا دینے کا اِظہار کرتا ہے (حبقوق 3:3-15) تو اُس سے پہلے ہی اُس کا کامل اِنصاف اور مکمل نجات کا وعدہ نبی کے دِل و دِماغ کو ایک نئی راہ پر گامزن کر چکا تھا (حبقوق 2:3)۔یہ ذہنی و رُوحانی تبدیلی اُس دلیرانہ رُؤیّا کے ذریعے مکمل ہوتی ہے جو خدا کی نجات اور عدالت کے لئے ظہور پر دلالت کرتی ہے۔

خدا کے اِس پیغام کے دو اہم نتائج ہیں کہ وہ گناہ کا پورے طور پر اِنصاف کرے گا اور اپنے لوگوں کو مکمل طور پر نجات دے گا جو خاص طور پر حبقّوق اور اُس کے قارئین کے لئے اِنتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ اَولاً، یہ سچائی حبقّوق کے دِل تک پہنچتی ہے اور اُس کے نقطۂ نظر میں مکمل تبدیلی لاتی ہے۔ اُس کی مایوسی اور شک کی جگہ ایک پُر سکون اِعتماد لیتا ہے جو خدا کے وعدوں پر اِیمان رکھتا  اور اِیمان کے ذریعے تمام تخلیق کی پاکیزگی اور تکمیل کو دیکھتا ہے۔دِل و دِماغ کی اِس نئی کیفیت میں صبر سے اِنتظار کر سکتا ہے کہ خدا اپنے وعدوں کو اُسی طریقے اور وقت پر پورا کرے جو اُس نے اپنی اِلٰہی مرضی سے مقرر فرمایا ہے۔

ثانیاً، وہ نجات بخش اور خلاصی دینے والی عدالت جو خدا اُن پر نازل کرے گا جو اُس کے فضل سے معمور وعدوں کا یقین کرتے ہیں (حبقوق 4:2) بالآخر زندگی کا باعث بنتی ہے۔ باب سوم کی آسمان کو چھوتی ہوئی زبان خدا کی نجات بخش مداخلت کو خروجِ ثانی کے طور پر پیش کرتی ہے جو خدا کے لوگوں کو باِبل کی گرفت سے ہی نہیں بلکہ اُن کے گناہوں کے نتیجے میں آنے والی مذمت اور غلامی سے رِہائی بخشتا ہے جو کہ صرف مسیح کے وسیلہ سے ممکن ہے (حبقوق 13:3) جسے خدا نے اپنے لوگوں کی خاطر اُسے دُکھ سہنے کے لئے بھیجا اور اُسے مُردوں میں سے زندہ کر کے سرفراز کیا (اعمال 17:3)۔ 

حبقوق کا پیغام گناہ کے اُس مسئلے کا حتمی جواب ہے جس نے نبی کو سخت پریشانی میں مبتلا کر رکھا تھا۔ یسوع مسیح کی زندگی، موت اور قیامت اِس حقیقت کو آشکارہ کرتی ہے کہ خدا کی طرف سے بدی پر آخری فتح یقینی ہے اور نجات صرف اُس کے مسیح کے وسیلہ سے ہی ممکن ہے۔ اِن سچائیوں کی روشنی میں ہم خدا کے اُس صبر کے لئے اُس کا شکر بجا لاتے ہیں جو اُس نے اپنی عدالت میں تاخیر کر کے ظاہر کیا اور ہم  اپنی تمام تر کوشش اِسی میں جاری رکھتے ہیں کہ اُس کی خوش خبری کو زمین کی اِنتہا تک پہنچائیں  جب تک کہ وہ واپس نہ آ جا ئے (2۔پطرس9:3)۔ 

یہ مضمون کتاب مقدس کی ہر کتاب میں سے جاننے کے لئے تین اہم نکات کا مجموعہ ہے۔

یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔