
پانچ چیزیں جو آپ کو شادی کے بارے میں جاننی چاہئیں
22/08/2025
پانچ چیزیں جو آپ کو جہنم کے بارے میں جاننی چاہئیں
28/08/2025پانچ اہم باتیں جو آپ کو عہد کے علمِ الٰہی کے بارے میں جاننی چاہئیں
کچھ موضوعات اِصلاحی کلیسیاؤں میں اِس قدر زیادہ زیرِ بحث آتے ہیں کہ بعض اوقات بنیادی نکات با آسانی نظر انداز ہو سکتے ہیں۔ اُن میں سے ایک موضوع عہد کاعلمِ اِلٰہی بھی ہے۔ آیئے اُن پانچ اہم باتوں پر غور کریں جو مسیحیوں کو عہد کے علم اِلٰہی کے بارے میں معلوم ہونی چاہئیں۔
1۔ عہد کا علم اِلٰہی ہمارے خدا کے ساتھ تعلق کے بارے میں ہے:
عہد ایک باضابطہ اور مستحکم تعلق ہوتا ہے۔ شادی اِس تعلق کی بہترین مثال ہے (ملاکی 14:2)۔ کیوں کہ یہ دو اَفراد کے درمیان سب سے گہرا اور قریبی رشتہ ہے۔ شادی نہ صرف محبت اور وفاداری پر مبنی ایک ذاتی تعلق ہے بلکہ ایک قانونی معاہدہ بھی ہے۔ اِسی طرح، عہد بھی محبت، وفاداری اور ذِمے داری پر مبنی ایک باضابطہ بندھن ہوتا ہے، جس میں فریقین کی طرف سے مخصوص وعدے اور شرائط شامل ہوتی ہیں۔
عہد کا عِلم اِلٰہی ہمیں خدا کے ساتھ ہمارے تعلق کو بہتر طور پر سمجھنے میں ہماری مدد اور حوصلہ اَفزائی کرتا ہے۔ اگر خدا ہمارے ساتھ تعلق کی نوعیت کو واضح نہ کرتا تو اُس کے ساتھ زندگی گزارنا نہایت مشکل ہوتا۔ اگر ہمیں یہ اندازہ لگانا پڑتا کہ خدا ہمارے بارے میں کیا محسوس کرتا ہے، آیا کہ وہ ہمیں قبول کرتا ہے یا نہیں، وہ ہمیں کس بنیاد پر قبول کرتا ہے اور اُس کی قربت کو حاصل کرنے کا بہترین طریقہ کیا ہے، تو پھر ہم اکثر اُس کے ساتھ اپنے مقام کے بارے میں غیر یقینی کا شکار رہتے۔ عہد کا عِلم اِلٰہی اِس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ خدا نے واضح طور پر بیان کیا ہے کہ ہمارا اُس کے ساتھ تعلق کیسا ہونا چاہئے۔ مقدس صحائف خدا کی طرف سے تحریری اور واضح مکاشفہ ہےجو ہم پر واضح کرتے ہیں کہ ہم اُس کے ساتھ دُرُست تعلق کیسے قائم کر سکتے ہیں۔ چونکہ عہد ایک باضابطہ تعلق ہوتا ہے ، اِس لئے خدا اِس پختہ بندھن میں ہم سے وابستگی کے ذریعے ہمیں اپنے ساتھ تعلق کا یقین فراہم کرتا ہے۔
2۔ عہد کا عِلم اِلٰہی ہمیں اَعمال اور فضل کے درمیان تعلق کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔
اِفسیوں 8:2-9 اِصلاحی پروٹسٹنٹ نظریہ نجات کا بنیادی نکتہ بیان کرتا ہے:
”کیوں کہ تم کو اِیمان کے وسیلہ سے فضل ہی سے نجات مِلی ہے اور یہ تمہاری طرف سے نہیں۔ خدا کی بخشش ہے۔ اور نہ اَعمال کے سبب سے ہے تاکہ کوئی فخر نہ کرے“۔ بعض اوقات ہمیں یہ سمجھنے میں دُشواری ہوتی ہے کہ محض فضل کے وسیلہ سے نجات کی بخشش آیت 10 کے ساتھ کیسے ہم آہنگ ہو سکتی ہے: ”کیوں کہ ہم اُسی کی کاریگری ہیں اور مسیح یسوع میں اُن نیک اَعمال کے واسطے مخلوق ہوئے جن کو خدا نے پہلے سے ہمارے کرنے کے لئے تیار کیا تھا“۔ہم کس طرح سےاُس آزادی کو جو فضل ہمیں بخشتا ہے، اِس ذِمے داری کے ساتھ جوڑ سکتے ہیں کہ ہمیں ایک راست زندگی گزارنی ہے؟ روایتی اِصلاحی تفہیم میں، عہد کے عِلم اِلٰہی میں اَعمال کے عہد اور فضل کے عہد کے درمیان فرق کو بیان کیا گیا ہے۔ عہدِ اَعمال خدا نے آدم کے گناہ میں گرنے سے پہلے باندھا تھا اور اِس کی شرطِ اوّلین کامل فرماں برداری تھی۔ تاہم فضل کا عہد آدمِ ثانی یعنی یسوع مسیح کے وسیلہ باندھا گیا جس میں خدا ہمیں محض مسیح کے کفارے پر اِیمان لانے کے باعث اپنی اُمت کے طور پر قبول کرتا ہے۔ یہ دونوں عہود واضح کرتے ہیں کہ اَعمال اور فضل، نجات اور خدا کے حضور راست بازی حاصل کرنے کے دو بالکل مختلف اور متضاد طریقے ہیں۔
پھرعہد کا علم اِلٰہی ہمیں فضل اور اَعمال کے تعلق کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے، کیوں کہ ہمارے اَعمال خدا کے ساتھ ہمارے تعلق کی بنیاد نہیں بن سکتے ، اگرچہ سچے اِیمان داروں کی زندگیوں میں نیک اَعمال ضرور ظاہر ہوں گے۔ چونکہ نجات کے لئے خدا کا اِیمان داروں کے ساتھ عہد اَعمال پر مبنی نہیں ہے، اِس لئے ہمارے اَعمال وہ سبب نہیں ہو سکتے جس کی بنا پر ہم خدا کے حضور راست باز ٹھہرتے ہیں۔
3۔ عہد کا علم اِلٰہی ہمیں پوری کتابِ مقدس میں مسیح کو دیکھنے میں مدد دیتا ہے۔
کلسیوں 17:2 بیان کرتا ہے کہ اِسرائیل کی مذہبی زندگی کے کئی پہلو ”آنے والی چیزوں کا سایہ ہیں، مگر اصل چیزیں مسیح کی ہیں“۔ اگرچہ عہدِ عتیق کے زمانے میں خدا کے لوگوں پر کئی رسومات عائد کر دی گئی تھیں ، لیکن اُن کی اِس عملی زندگی کے وسیلہ سے اُنہیں اُس ہستی کے بارے میں سکھا یا گیا جس کا وعدہ پیدایش 15:3 میں کیا گیا تھا، یعنی آنے والا نجات دِہندہ جس پر اُنہیں اِیمان لانا تھا۔ چونکہ گناہ میں گرنے کے بعد سے ہی نجات کا واحد ذریعہ مسیح پر اِیمان ہے ، اِس لئے عہد کا علمِ الٰہی ہمیں یاد دِلاتا ہے کہ خدا کے ہمارے ساتھ تمام معاملات کا مرکزی نکتہ مسیح ہی ہے۔
4۔ عہد کا علم ِ الٰہی ہمیں کلیسیا کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔
متی 19:28-20 میں موجود اِرشادِ اَعظم میں یسوع نے کلیسیا کو یہ ہدایت کی کہ وہ تمام قوموں کو شاگرد بنائیں: ” پس تم جا کر سب قوموں کو شاگرد بناؤ اور اُن کو باپ اور بیٹے اور رُوح القدس کے نام سے بپتسمہ دو۔ اور اُن کو یہ تعلیم دو کہ اُن سب باتوں پر عمل کریں جن کا مَیں نے تم کو حکم دیا اور دیکھو مَیں دُنیا کے آخر تک ہمیشہ تمہارے ساتھ ہوں“۔یہ بیرونی احکام، یعنی مقدس رسوم (ساکرامنٹس) کی ادائیگی اور خدا کے کلام کی تعلیم، وہ ذریعہ ہیں جن کے ذریعے ہم بطور خدا کے لوگ اپنے مشن کو آگے بڑھاتے ہیں۔
عہد کا عِلم اِلٰہی ہمیں نہ صرف یہ یاد دلاتا ہے کہ مسیح تمام صحیفوں کا مرکزی موضوع اور اَصل حقیقت ہے، بلکہ یہ بھی کہ وہ اپنے لوگوں کے درمیان آ کر رُوحانی کام کرتا ہے۔ وہ یہ کام اُن عام وسائل کے ذریعے اَنجام دیتا ہے جو اُس نے اپنی کلیسیا کو اپنے فضل کے اِظہار کے لیے عطا کیے ہیں۔ ویسٹ منسٹر مختصر کیٹی کیزم کے سوال نمبر 88 میں یہ یاد دِلایا گیا ہے کہ کلیسیا کے ذریعے ملنے والے فضل کے وسائل، فضل کا کلام ، مقدس رسوم (ساکرامنٹس) اور دُعا ہیں۔ یہ بیرونی ذرائع مسیح کو جو عہد کی اصل حقیقت ہے، اِیمان داروں تک پہنچاتے ہیں اور اکثر اِنہیں عہد کے ”بیرونی قواعد “ کہا جاتا ہے۔ کلیسیا مسیحی زندگی کا اہم حصہ ہے کیوں کہ اِسی کے ذریعے ہم اُن بیرونی قواعد میں شریک ہوتے ہیں جہاں مسیح سے ملاقات ہوتی ہے۔
5۔ عہد کا علم اِلٰہی ہمیں پاکیزگی کے حصول میں گہری یقین دِہانی فراہم کرتا ہے۔
اِفسیوں 13:1-14 بیان کرتا ہے کہ مسیح میں اِیمان داروں کے اندر رُوح القدس کا سکونت کرنا ہماری اَبدی زندگی کی ضمانت ہے: ” اور اُسی میں تم پر بھی جب تم نے کلامِ حق کو سُنا جو تمہاری نِجات کی خُوش خبری ہے اور اُس پر اِیمان لائے پاک مَوعُودہ رُوح کی مہر لگی۔ وُہی خُدا کی مِلکِیّت کی مخلصی کے لِئے ہماری مِیراث کا بَیعانہ ہے تاکہ اُس کے جلال کی سِتایش ہو“۔ یہ اِلٰہی مددگار ہمیں پاکیزگی کے سفر میں آگے بڑھنے کے لیے قوت بخشتا ہے تاکہ ہم مسیح کے ساتھ چل سکیں۔ عہد کی اِلٰہیات ہمیں یاد دِلاتی ہے کہ رُوح القدس کی قدرت سے حاصل ہونے والی ہماری پاکیزگی درحقیقت ایک بیش قیمت نعمت ہے جو خود مسیح نے ہمارے لئے حاصل کی ہے۔ مسیح نے کامل فرماں برداری کے ہر تقاضے کو ہماری جگہ پورا کر دیا ہے۔ اُس نے ہمیں اپنی رُوح سے معمور کیا ہے تاکہ ہم وفاداری کے ساتھ اُس کی پیروی کر سکیں۔ رُوح القدس کا یہ تحفہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ ہم پہلے ہی مسیح کے ہیں اور اُس کے ساتھ اَبدی زندگی کا پختہ یقین رکھتے ہیں۔
یہ مضمون ”پانچ اہم حقائق جو آپ کو جاننے چاہئیں “ مجموعے کا حصہ ہے۔
یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔


