
نوجوانوں کو اِلٰہیات سکھانے کے تین طریقے
12/08/2025
پانچ باتیں جو آپ کو بحیثیت والدین معلوم ہونی چاہئیں
22/08/2025پاسبانی خطوط کو کیسے پڑھیں؟
پولُس رسُول کے تیرہ خطوط میں سے تین پاسبانی خطوط ہیں —۱، ۲ تیِمُتھِیُس اور طِطُس—جو اپنی نوعیت میں منفرد ہیں، کیوں کہ یہ اُن کے دو قریبی معاونین، تیِمُتھِیُس اور طِطُس، کو لکھے گئے تھے ، جو کلیسیاؤں کی پاسبانی کے فرائض اَنجام دے رہے تھے۔ ان دونوں خُدام کو جھوٹے اُستادوں اور دیگر آزمایشوں سے نبرد آزما تھے، جنھوں نے ان کی خِدمت کو نہایت دُشوار بنا دیا تھا۔
اگرچہ ان خطوط میں دو مخصوص افراد تیِمُتھِیُس اور طِطُس کو مخاطب کِیا گیا ہے ، پھر بھی پولُس رسُول نے ہر ایک خط کا اِختتام برکت کے ان اَلفاظ سے کِیا ’’تم پر فضل ہوتا رہے‘‘—اور یہاں’’ تُم‘‘ کا لفظ یونانی زُبان میں جمع کے ساتھ ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ خطوط کسی حد تک نیم عوامی نوعیت کے تھے؛ پولُس کی اُمید تھی کہ یہ خطوط تمام کلیسیاؤں میں پڑھ کر سنائے جائیں گے۔ اسی پسِ منظر کو سامنے رکھتے ہوئے، آئیے ہم پاسبانی خطوط کو سمجھنے کے لیے چار بنیادی راہ نما نکات پر غور کریں:
۱۔ پاسبانی خطوط کو مسیح کے اجتماعی بدن اور اُس میں اپنی شمولیت کے تناظر میں پڑھیں
آج کے دَور میں بہت سے مسیحی کلیسیا کی اہمیت کے احساس کو نظر انداز کر بیٹھے ہیں۔ اُن کے لیے مسیحی زِندگی زیادہ تر مسیح کے ساتھ انفرادی تعلق تک محدود ہو گئی ہے اور وہ اُس اجتماعی بدن کا حِصّہ اور رُکن بننے کے مفہوم سے دُور ہو چکے ہیں، جو کلیسیا کہلاتا ہے۔ اُن کی مسیح کے ساتھ ذاتی تعلق پر زیادہ توجہ مرکوز ہے ۔ لیکن پولُس رسُول کا زور پاسبانی خطوط میں کلیسیا کی رُوحانی صحت اور وفا داری پر ہے۔ کلیسیا ہی وہ مَقام ہے جہاں خُدا کے لوگ پرورش پاتے ہیں اور اِیمان میں ترقی کرتے ہیں۔
اسی لیے پولُس رسُول تفصیل سے اُن اِلٰہی قائدین کی اہلیت بیان کرتا ہے، جو راست باز اور خُدا ترس ہوں—چاہے وہ بزرگ ہوں (۱۔تیمُتھیُس ۱:۳- ۷؛ طِطُس۱۵:۱- ۱۶) یا خادم(ڈیکن) (۱۔تیمُتھیُس ۸:۳- ۱۳)۔ اور یہی وجہ ہے کہ پولُس بار بار تیِمُتھِیُس کو نصیحت کرتا ہے کہ وہ کلیسیا میں تعلیم اور مُنادی کی خدمت میں دِل و جان سے مشغول رہے۔
ایک صحت مند کلیسیا کے لیے ضروری ہے کہ خُدا کے لوگ اُس کے کلام کو پڑھے اور مُنادی سے رُوحانی خوراک من کو حاصل کریں، تاکہ اُن کی زِندگی میں اِیمانی مضبوطی اور عملی تقدیس کا تسلسل قائم رہے۔
اگرچہ پاسبانی خطوط مخصوص افراد—تیِمُتھِیُس اور طِطُس—کو لکھے گئے، لیکن اُن کا بنیادی مقصد مسیح کی کلیسیا کی تعمیر اور اُن کی اجتماعی زِندگی کو فروغ دینا ہے۔ ان خطوط میں پولُس رسُول اِیمان داروں کو اِس بات کی ترغیب دیتے ہیں کہ وہ عبادت میں ایک دوسرے کے ساتھ شریک ہوں (۱۔تیمُتھیُس ۲؛۱۳:۴)، خدمت میں مل کر کام کریں (۲۔تیمُتھیُس ۲۱:۲؛ طِطُس ۱:۳)، کلیسیا کے دوسرے افراد کے لیے سخاوت کا مظاہرہ کریں (۱۔ تیمُتھیُس۱۷:۶- ۱۹) اور وفا داری سے ایک دوسرے کی خدمت کریں۔ پولُس رسُول پاسبانی خطوط میں کلیسیا کو مسیحی زِندگی کا مرکز قرار دیتا ہے، نہ کہ کوئی ثانوی بات یا اضافی پہلو۔
۲۔جھوٹی تعلیم کا خطرہ اور اُس کے خلاف جدوجہد کی ضرورت
پولُس رسُول پاسبانی خطوط میں سب سے زیادہ زور جھوٹی تعلیمات کے خطرے اور اُن کے خلاف مؤثر جدوجہد پر دیتا ہے۔ اُس کی تعلیم میں یہ موضوع کسی بھی اور موضوع سے زیادہ نمایاں ہے۔ پہلے تیِمُتھِیُس کے خط میں وہ جھوٹے اُستادوں کے بارے میں تین مختلف مَقامات پر گفتگو کرتا ہے۔ بلکہ خط کے آغاز میں، جہاں وہ عموماً اپنی دعاؤں یا شُکر گزاری کے اَلفاظ لکھتا ہے، وہاں وہ براہِ راست افسس کے جھوٹے اساتذہ کو مخاطب کرتا ہے (۱۔ تیمُتھیُس۳:۱- ۱۱)۔ پولُس رسُول اِس مسئلے پر چوتھے باب میں دوبارہ بات کرتا ہے اور پھر چھٹے باب میں بھی اِسی موضوع پر واپس آتا ہے۔ اسی طرح جھوٹی تعلیم کے خلاف جدوجہد کا یہ پہلو دوسرے تیِمُتھِیُس اور طِطُس کے خطوط میں بھی نمایاں ہے۔
پولُس جھوٹی تعلیم کا اس قدر سختی سے مقابلہ کیوں کرتا ہے، یہاں تک کہ خط نویسی کی معاشرتی روایت کو بھی نظر انداز کر دیتا ہے؟ کیوں کہ جھوٹی تعلیم زِندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ نجات اور اَبدی زِندگی کا انحصار اِس بات پر ہے کہ ہم خُدا کی طرف سے مسیح میں ظاہر کردہ سچائی پر اِیمان لائیں اور اُس پر قائم رہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پولُس اِسے ایک نہایت سنجیدہ معاملہ سمجھتا ہے۔ جیسے وہ گلتیہ کی کلیسیا میں جھوٹی تعلیم کے بارے میں لکھتا ہے: ’’ تھوڑا سا خمِیر سارے گُندھے ہُوئے آٹے کو خمیر کر دیتا ہے‘‘ (گلتیوں۹:۵)۔
جھوٹی تعلیم کا مقابلہ کرنے کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ سچائی کی تعلیم ضروری ہے۔ یہی بات ہمیں پاسبانی خطوط کو پڑھنے کے تیسرے اُصول کی طرف لے جاتی ہے۔
۳۔ خُدا کے کلام کی خِدمت کی مرکزیت کو پیشِ نظر رکھیں
پولُس رسُول کلیسیا کی بہت سی خِدمتوں کے لیے ہدایات دیتا ہے، لیکن جن پر وہ سب سے زیادہ زور دیتا ہے وہ خُدا کے کلام کی مُنادی اور تعلیم کی خدمت ہے۔ وہ تیِمُتھِیُس کو تاکید کرتا ہے کہ: ’’ کلامِ مُقدّس کے عوامی مُطالعہ، نصیحت [یعنی مُنادی] اور تعلیم دینے اور کلام پڑھنے میں ( اپنے آپ )کو متوجہ رکھ ‘‘ (1۔تیمُتھیُس ۱۳:۴)۔ کلام کی خدمت اِیمان کے لیے نہایت اہم ہے۔ اِیمان سُننے سے پیدا ہوتا ہے اور سُننا خُدا کے کلام کے وسیلہ سے ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ، کلام کے تابع ہو کر بیٹھنا خُدا کے لوگوں کے اِیمان کو مضبوط کرتا ہے۔ ۲۔تیمُتھیُس میں پولُس اپنے نوجوان ساتھی کو تاکید کرتا ہے کہ: ’’ تُو کلام کی مُنادی کر۔ وقت اور بے وقت مُستعِد رہ۔۔۔ کیوں کہ اَیسا وقت آئے گا کہ لوگ صحِیح تعلِیم کی برداشت نہ کریں گے بلکہ کانوں کی کُھجلی کے باعِث اپنی اپنی خواہِشوں کے مُوافِق بُہت سے اُستاد بنا لیں گے‘‘ (۲۔تیمُتھیُس۲:۴- ۳)۔
کلیسیا کی خدمت میں اجتماعی دُعا بھی شامل ہے—نہ صرف کلیسیا کے اَفراد کے لیے بلکہ بیرونی حُکّام اور اِختیار رکھنے والوں کے لیے بھی (1۔ تیمُتھیُس۱:۲- ۲)۔ اس میں بزرگوں اور خُدّام (ڈیکنز) کی عملی خدمت شامل ہے۔ اہل بزرگوں کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ خُدا کے لوگوں کی رُوحانی پرورش چرواہوں کی مانند کر سکیں۔ خُدّام کو رحم کی خدمت سونپی گئی ہے تاکہ وہ جسمانی ضروریات کا خیال رکھیں۔ اگرچہ خُدّام کی خدمت اکثر پسِ پردہ اَنجام پاتی ہے اور زیادہ تر کلیسیا کی نظر سے اُوجھل ہوتی ہے، لیکن خُدا ایک شان دار وعدہ کرتا ہے کہ ’’کیوں کہ جو خِدمت کا کام بخُوبی انجام دیتے ہیں وہ اپنے لِئے اچھّا مرتبہ اور اُس اِیمان میں جو مسِیح یِسُوع پر ہے بڑی دِلیری حاصِل کرتے ہیں‘‘ (1۔تیمُتھیُس۱۳:۳)۔ اگرچہ کلیسیا کی تمام خِدمتیں اُس کے دُرست کام کرنے کے لیے لازمی ہیں، تاہم کلام کی خِدمت مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔
۴۔ پاسبانی خطوط کو پڑھتے وقت مسیح کے ایک خُدا ترس خادم کے دِلی رُجحان کو محسوس کریں
تاریخی طور پر پولُس رسُول کو اکثر منفی انداز میں پیش کِیا گیا ہے—یہاں تک کہ بعض کلیسیائی حلقوں میں بھی۔ ایک مشہور جسمانی خاکہ یہ بیان کِیا گیا ہے کہ پولُس کا قد چھوٹا تھا، وہ گنجا اور ٹیڑھی ٹانگوں والا تھا، اُس کی ناک بڑی تھی اور اُس کی دونوں بھویں جُڑی ہوئی تھیں اور وہ اکثر تیوری چڑھائے رہتا تھا اور اُس کے چہرے پر دھبے تھے ۔ اُس کی شخصیت کو بھی چڑچڑے مزاج اور میل جُول میں کمزور قرار دیا گیا ہے۔ یہ کہا جاتا ہے کہ اُس نے برنباس—جو کہ ’’دِل جوئی کا بیٹا یا حوصلہ افزائی ‘‘ کا بیٹا کہلاتا تھا—کے ساتھ بھی راستے جُدا کر لیے اور اُس نے مرقس کو دوبارہ موقع دینے سے بھی اِنکار کر دیا۔
تاہم، جیسا کہ اَعمال کی کتاب اور اُس کے دیگر خطوط میں نظر آتا ہے، پاسبانی خطوط میں پولُس رسُول کی دوسروں کے لیے محبّت اور شفقت بھر پور انداز میں ظاہر ہوتی ہے۔ وہ تیِمُتھِیُس کو ’’میرا بیٹا‘‘ اور ’’میرا پیارا فرزند‘‘ کہہ کر پُکارتا ہے۔ طِطُس کو وہ ’’میرا سچا فرزند، جو ہمارے اِیمان میں شریک ہے‘‘ کہتا ہے۔ لیکن خاص طور پر ہم پولُس کا دِلی رُجحان اُس کے آخری خط، دوسرے تیِمُتھِیُس، کے آخر میں دیکھتے ہیں۔ وہاں ہم اُس کا دِل شکستہ انداز دیکھتے ہیں جب وہ اُن لوگوں کا ذکر کرتا ہے جنھوں نے اُسے چھوڑ دیا۔ تاہم، ہم اُس کی اپنے دوسرے رُفقا اور دوستوں جیسے تیِمُتھِیُس، لُوقا اور یہاں تک کہ مرقس کے لیے بھی محبت محسوس کرتا ہے ، جس کے ساتھ بہ ظاہر اُس کی صلح ہو چکی تھی۔ پاسبانی خطوط یہ بات واضح کر دیتے ہیں کہ پولُس رسُول کی مسیح سے گہری محبّت اُسے دوسروں سے بھی محبّت رکھنے پر آمادہ کرتی ہے اور چھلکتی ہے ۔
یہ مضمون ’’ علم التفسیر (Hermeneutics) ‘‘ کے مجموعہ سے ماخوذ ہے ۔
یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔


