مسیحی زندگی
14/04/2026
خدا کا اپنی ذات کو منکشف کرنا
21/04/2026
مسیحی زندگی
14/04/2026
خدا کا اپنی ذات کو منکشف کرنا
21/04/2026

جان کا آرام

مسیح کے نہایت قیمتی وعدوں میں سے ایک وعدہ یہ ہے کہ وہ جان کو آرام بخشتا ہے۔    آبائے کلیسیا میں سے ایک عظیم شخص آگسٹین نے اپنی مشہورِ زمانہ  کتاب "Confessions " میں لکھا:  ’’اَے خداوند! تُو نے ہمیں اپنے ہی لئے  بنایا ہے،  اور ہمارا دِل  تب تک بے چین رہتا ہے جب تک کہ وہ تجھ میں اپنا آرام نہ پا لے “۔  یسوع نے اِسی آرام کی ضرورت کو پورا کرتے ہوئے فرمایا: 

” اَے محنت اُٹھانے والو اور بوجھ سے دبے ہُوئے لوگو سب میرے پاس آؤ۔ مَیں تم کو آرام دُوں گا۔میرا جُوا اپنے اُوپر اُٹھا لو اور مجھ سے سیکھو۔ کیوں کہ مَیں حلیم ہُوں اور دِل کا فروتن۔ تو تمہاری جانیں آرام پائیں گی۔ کیوں کہ میرا جُوا ملائِم ہے اور میرا بوجھ ہلکا “(متی 28:11-30)۔ 

کیا ہی غیر معمولی یقین دِہانی ہے:  ہماری جانوں کے لئے  آرام۔  کیا یہی تو وہ چیز نہیں جس کی ہمیں ضرورت ہے؟

جے۔ سی۔ رائل نے یسوع کے کلمات میں موجود گہری تسلی  پر  غور کیا۔ اگرچہ  اُس نے اُنیسویں صدی  میں اِنگلستان کے پس منظر میں لکھا،  لیکن اِنسان کی حالت کے بارے میں اُس کا تجزیہ آگسٹین سے مختلف نہ تھا :  یعنی  خدا سے جُدا ہو کر اِنسانی جان حالتِ اِضطراب  اور بے قراری کی حالت میں رہتی ہے ۔  رائل نے لکھا: 

”یہ اَلفاظ کس قدر دِل کو خوش کرنے والے اور تسلی بخش ہیں!   بے اِطمینانی   دُنیا کی ایک بہت بڑی خصوصیت ہے،  ہر طرف جلدبازی، کڑواہٹ، ناکامی اور مایوسی چاروں طرف سے ہمیں گھیرے ہوئے ہیں۔ لیکن یہاں ایک اُمید ہے:  تھکے ماندوں کے لئے  ایک پناہ کا صندوق ہے،  بالکل ویسا ہی جیسا نوح کی فاختہ کے لئے  تھا۔   مسیح میں آرام ہے،  ضمیر کا آرام،  دِل کا آرام،  ایسا آرام جو سب گناہوں کی معافی پر مبنی ہے  اور ایسا آرام جو خدا کے ساتھ صلح کی بدولت بہتا ہے “۔ 

جان   کا حقیقی آرام صرف یسوع کے وسیلہ سے مِل سکتا ہے۔ اِنسان بڑی تدبیریں کرتا ہے کہ دُوسرے ذرائع میں آرام تلاش کرے،  مگر ہر ناکام کوشش کے ساتھ جان کی بے قراری اَور بھی شدت سے ظاہر ہوتی ہے۔  ہم صرف مسیح کے پاس آ کر، اُس کا جُوا اُٹھا کر اور اُس سے سیکھ کر اپنا آرام پاتے ہیں۔ یسوع میں آرام  پانے  سے ہی ہمیں اپنی جان کا  حقیقی آرام نصیب ہوتا ہے۔

جس حقیقت کا اِدراک آگسٹین اور رائل نے حاصل کیا، اُسی پر سترھویں صدی کے پیورٹن پاسبان مس ونسنٹ نے بھی غور کیا اور اُسے  بیش قیمت  جانا۔   اُس نے مسیح میں جان کے آرام کو یوں بیان کیا: 

” جان  نجات کے لئے اُس وقت مسیح میں آرام پاتی ہے جب وہ گناہ کے باعث اپنی کھوئی ہوئی حالت ، اپنی کمزوری کے ساتھ ساتھ تمام مخلوقات کی نااہلی کو سمجھ لیتی ہے کہ وہ اُسے اِس زوال سے باہر نہیں نکال سکتی  ۔  اور جب وہ مسیح کی قدرت اور نجات دینے کی آمادگی کو پہچان کر اُس پر یقین کرتی ہے  تو وہ مخلوقات پر  سے اپنا ہر سہارا ترک کر دیتی ، اپنی راست بازی سے دست بردار ہو جاتی اور مسیح کو مضبوطی سے تھام لیتی ہے، اُس پر بھروساکرتی اور اپنی اُمید صرف اُسی پر قائم کرتی ہے کہ نجات صرف اُسی میں ہے۔ “

کیا آپ اِس بات پر قائل ہو چکے ہیں کہ آپ اپنی جان کو آرام دینے کے قابل نہیں ہیں؟ کیا آپ مسیح کی نجات دینے کی قدرت اور نجات دینے کی رغبت پر یقین رکھتے ہیں؟  کیا آپ نے اُسے نجات کے لئے  تھام لیا ہے؟ یسوع کے پاس آئیں، وہ آپ کو آرام دے گا۔  صرف اُسی میں آرام پائیں  تو آپ اپنی تھکی ہوئی جان کے لئے  حقیقی سکون پائیں گے۔ 

یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔