منادی میں تصویری خاکے کی ضرورت
23/10/2024مجھےزبورکی کتاب کیوں پسند ہے
31/10/2024میری زِندگی کے لئے خدا کی مرضی کیا ہے؟
بائبل خدا کی رہنمائی کے بارے میں کیا کہتی ہے؟ کتابِ مقدس کے مطابق اگر ہم اپنی سب راہوں میں خدا کو پہچانتے ہیں، تو وہ ہماری رہنمائی کرے گا (امثال ۳: ۵-۶)۔ کتابِ مقدس کے ذریعے سے ہمیں اپنی زِندگیوں کے لئے خدا کی مرضی سیکھنے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، اور ہم اپنی توجہ خدا کی مرضیِ فرمان و فیصلہ پر نہیں بلکہ خدا کی ہدایاتی یا ناصحانہ مرضی پر مرکوز کرکے ایسا کرسکتے ہیں۔ اگر آپ اپنی زِندگی کے لئے خدا کی مرضی کو جاننا چاہتے ہیں، تو بائبل آپ سے کہتی ہے: ’’خدا کی مرضی یہ ہے کہ تم پاک بنو ‘‘ (۱-تھسلُنیکیوں ۴: ۳)۔ لہٰذا، جب لوگ سوچتے ہیں کہ کلیولینڈ یا سان فرانسسکو میں نوکری کرنی ہے، یا جین یا مارتھا سے شادی کرنی ہے، تو اُنہیں خدا کی مرضی کا بغور مطالعہ کرنا چاہئے۔ اُنہیں خدا کی شریعت کا مطالعہ کرنا چاہئے تاکہ وہ اُن اصولوں کو سیکھ سکیں جن کے ذریعے سے اُنہیں اپنی زِندگی بسر کرنی ہے۔
زبور نویس لکھتا ہے ’’مبارک ہے وہ آدمی جو شریروں کی صلاح پر نہیں چلتا اور خطاکاروں کی راہ میں کھڑا نہیں ہوتا اور ٹھٹھابازوں کی مجلس میں نہیں بیٹھتابلکہ خداوند کی شریعت میں اُس کی خوش نودی ہے اوراُسی کی شریعت پر دِن رات اُس کا دھیان رہتا ہے‘‘ (زبور ۱: ۱-۲)۔ ایک دِین دار شخص کی خوشی، خدا کی ہدایاتی مرضی میں ہے، اور اِس طرح سے توجہ مرکوز کرنے والا شخص ’’ اُس درخت کی مانند ہو گا جو پانی کی ندیوں کے پاس لگایا گیا ہے‘‘ (آیت ۳)۔ تاہم، بے دین لوگ ایسے نہیں ہیں بلکہ ’’بھوسے کی مانند ہیں جسے ہوا اُڑا لے جاتی ہے‘‘ (آیت ۴)۔
اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ کون سا کام کرنا ہے تو آپ کو اصولوں پر عبور حاصل کرنا ہوگا۔ جب آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ کو پتہ چلے گا کہ یہ خدا کی مرضی ہے کہ آپ اپنی نعمتوں اور صلاحیتوں کا سنجیدہ تجزیہ کریں۔ اِس کے بعد آپ کو غور کرنا ہوگا کہ آیا کوئی خاص کام آپ کی نعمتوں کے مطابق ہے یا نہیں؛ اگر ایسا نہیں ہے، تو آپ کو اِسے قبول نہیں کرنا چاہئے۔ اِس صورت میں، خدا کی مرضی یہ ہے کہ آپ ایک مختلف کام تلاش کریں۔ خدا کی مرضی یہ بھی ہے کہ آپ اپنے پیشے – اپنی بلاہٹ –کو ملازمت کے مواقع کے ساتھ ہم آہنگ کریں، اور اِس کے لئے اوئیجا بورڈ گیم( Ouija board )کا استعمال کرنے سے کہیں زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ زِندگی کی تمام مختلف چیزوں پر خدا کی شریعت کا اطلاق کریں۔
جب ایسا فیصلہ کرنے کی بات آتی ہے کہ آپ نے کس سے شادی کرنی ہے، تو آپ شادی میں خدا کی برکت کے بارے میں بائبل کی ہر بات کو دیکھتے ہیں۔ ایسا کرنے کے بعد، آپ کو پتہ چل سکتا ہے کہ بہت سے امکانات ہیں جو بائبلی تقاضوں کو پورا کرتے ہیں۔ تو آپ کس سے شادی کرتے ہیں؟ اِس کا جواب آسان ہے: جس سے بھی آپ شادی کرنا چاہتے ہیں۔ جب تک آپ جس کا انتخاب کرتے ہیں وہ خدا کی مرضی کے دائرے میں آتا ہے، تب تک آپ کو مکمل آزادی ہے کہ آپ جو چاہیں اُس کے مطابق عمل کریں، اور آپ کو یہ سوچ کر اپنی نیند کھونے کی ضرورت نہیں ہے کہ آیا آپ خدا کی پوشیدہ یا مرضیِ فرمان و فیصلہ سے باہر ہیں۔ اوّل، آپ خدا کی مرضیِ فرمان و فیصلہ سے باہر نہیں ہو سکتے۔ دوم، آج آپ کے لئے خدا کی پوشیدہ مرضی کو جاننے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ کل تک انتظار کریں، اور کل آپ پر یہ واضح ہوجائے گا ، کیوں کہ آپ ماضی پر نظر ڈال سکتے اور جان سکتے ہیں کہ ماضی میں جو کچھ بھی ہوا ہے وہ خدا کی پوشیدہ مرضی کی تکمیل ہے۔ دوسرے لفظوں میں، ہم حقیقت کے بعد صرف خدا کی پوشیدہ مرضی کو جانتے ہیں۔ ہم عمومی طور پر مستقبل کے لحاظ سے خدا کی مرضی کو جاننا چاہتے ہیں، جبکہ کتاب ِمقدس میں تاکید ہمارے حال میں خدا کی مرضی پر ہے، اور اِس کا تعلق اُس کے احکام سے ہے۔
’’غیب کی باتیں یا پوشیدہ باتیں‘‘ خدا سے تعلق رکھتی ہیں، ہم سے نہیں۔ ’’غیب کی باتیں‘‘ ہمارا کاروبار نہیں، کیوں کہ وہ ہماری ملکیت نہیں ، بلکہ خدا کی ملکیت ہیں۔ تاہم، خدا نے اپنے ذہن کے بعض پوشیدہ منصوبوں کو عیاں کِیا اور بھیدوں کو ہم پر آشکارا کِیا ہے، اور ایسی چیزیں ہم سے تعلق رکھتی ہیں۔ اُس نے معتدد باتوں سے پردہ اُٹھایا ہے۔ اور مکاشفہ اِسے ہی کہتے ہیں۔مکاشفہ اُن باتوں کا انکشاف ہے جو کبھی پوشیدہ تھیں۔
مکاشفہ کے ذریعے سے ہم جو علم حاصل کرتے ہیں وہ درُست طور پر خدا کا علم ہوتا ہے، جو اُس نے ہمیں عطا کِیا ہے۔ یہی بات موسیٰ نے استثنا ۲۹: ۲۹ میں بیان کی۔ غیب کی باتیں خدا کی ہیں، لیکن جو اُس نے ظاہر کی ہیں وہ ہمیشہ تک ہماری اور ہماری اَولاد کی ہیں۔ خدا نے ہم پر بعض باتیں ظاہر کرنے پر خوشی کا اِظہار کِیا ہے، اور ہم اِن باتوں کو اپنے بچوں اور دوسروں کے ساتھ بانٹنے کی ناقابلِ بیان برکت رکھتے ہیں۔ اِستثنا کی کتاب میں اِس علم کو اپنی اولاد تک پہنچانے کی ترجیح پر بنیادی تاکید کی گئی ہے۔ خدا کی ظاہری مرضی اُس کی ہدایاتی یا ناصحانہ مرضی کے ذریعے سے دی جاتی ہے، اور یہ مکاشفہ اِس لئے دیا جاتا ہے تاکہ ہم فرماں بردار رہیں۔
جیسا کہ مَیں نے پہلے بیان کِیا کہ بہت سے لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ وہ اپنی زِندگیوں کے لئے خدا کی مرضی کو کیسے جان سکتے ہیں، لیکن شاذ و نادر ہی کوئی مجھ سے پوچھتا ہے کہ وہ خدا کی شریعت کو کیسے جان سکتے ہیں۔ لوگ نہیں پوچھتے، کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ خدا کی شریعت کو کیسے سمجھنا ہے – وہ اِسے بائبل میں پاتے ہیں۔ وہ خدا کی شریعت کا مطالعہ کر سکتے ہیں تاکہ اِسے جان سکیں۔ سب سے مشکل سوال یہ ہے کہ ہم خدا کی شریعت پر کیسے عمل کر سکتے ہیں۔ بعض لوگ اِس کے بارے میں فکر مند ہیں، لیکن بہت زیادہ لوگ نہیں۔ زیادہ تر لوگ جو خدا کی مرضی کے بارے میں پوچھتے ہیں وہ مستقبل کے بارے میں علم حاصل کرنے کے خواہاں ہوتے ہیں، جو کہ افشاں نہیں ہوا یا پوشیدہ ہے۔ اگر آپ خدا کی مرضی کو جاننا چاہتے ہیں کہ خدا کس چیز کی اجازت دیتا ہے، کس چیز سے خدا راضی ہوتا ہے، اور وہ آپ کو کس چیز کے لئے برکت دے گا، تو اِس کا جواب اُس کی ہدایاتی مرضی، یعنی شریعت میں پایا جاتا ہے، جو بالکل واضح ہے۔
اِس اقتباس کو آر۔ سی۔سپرول کی کتاب ’’ہر کوئی ایک ماہرِ الہٰیات‘‘ سے ماخوذ کِیا گیا ہے۔ آپ یہ کتاب’’ کیا مَیں خدا کی مرضی جان سکتا ہوں؟‘‘ مفت سافٹ شکل میں ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔