
پانچ چیزیں جو آپ کو موسیٰ کے بارے میں جاننی چاہئیں
09/07/2024
پانچ چیزیں جو آپ کو عقائدکے بارے میں جاننی چاہئیں
16/07/2024پانچ چیزیں جو آپ کو آسمان کے بارے میں جاننی چاہئیں

موسیقی سے لے کر فلموں اور فلموں سے لے کر کتابوں تک آسمان ایک ایسا موضوع ہے جو کلیسیا اور دُنیا دونوں کو اپنی طرف مائل کرتا ہے۔ پھر بھی دِیگر رُوحانی معاملات کی طرح ، آسمان کے تصور کے متعلق بہت سی اُلجھنیں پائی جاتی ہیں۔ تاہم بائبل مقدس ہی اِس کے بارے میں ہمیں سچائی فراہم کرتی ہے۔ اِس تحریر میں ایسی پانچ چیزیں مندرج ہیں جو آ پ کو آسمان کے متعلق جاننی چاہئیں۔
1۔ آسمان ایک جگہ ہے
اعمال 6:1-11 آیات ہمیں بتاتی ہیں کہ یسوع نے آسمان پرصعود فرمایا، اُس کی یہ جنبش ایک جگہ (زمین) سے دُوسری جگہ (آسمان) کی طرف اِشارہ کرتی ہے۔ مزید برآں، ہم جانتے ہیں کہ یسوع مسیح مردوں میں سے جی اُٹھنے کے بعد بھی اِنسانی جسم رکھتاہے، اگرچہ وہ رُوح القدس میں جلال پا چکا تھا (یوحنا 24:20-29؛ 1۔کرنتھیوں 15 باب)۔ مادی اِشیا زمان و مکان میں واقع ہیں۔ روزِ آخر، آخری قیامت اور عدالت کے لیے یسوع آسمان سے نیچےاُترے گا(1۔تھسلُنیکیوں 16:4)۔ اُس کا جلالی بدن ایک جگہ (آسمان) سے دُوسری جگہ (زمین) پر منتقل ہو جائے گا۔
2۔ آسمان خدا کے تخت کی جگہ ہے
زبور نویس اکثر آسمان کو خدا کے تخت کے طورپر بیان کرتا ہے (زبور 7:9؛4:11؛ 19:103)۔ چونکہ خدا رُوح ہے اور اُس کا جسمانی بدن نہیں ہے (یوحنا 24:4) ہم سمجھتے ہیں کہ کسی حد تک یہ ایک اِستعارہ ہے جو اِس بات کی نشان دِہی کرتا ہے کہ خدا آسمان میں اپنی خاص حاکم مطلق موجودگی کو بہت زیادہ طاقتور محسوس کرتا ہے۔ تاہم یہ کہنا کہ خدا جسمانی بدن نہیں رکھتا قطعی درُست نہیں ہے۔ دو ہزار سال قبل تجسم کے بعد ، خدا کا بیٹا جسمانی بدن رکھتا ہے، کیوں کہ یہ اِنسانی ذات کا حصہ ہے جوایک اِلٰہی شخص یعنی یسوع مسیح میں اِلٰہی ذات کے ساتھ مربوط ہے۔اِس کا مطلب ہے کہ تجسم کے بعد ، خدا کے تخت سے متعلق بہت سے حوالہ جات کو ایک حقیقی مقام کے طور پر پڑھا جا سکتا ہے جہاں مسیح مقامِ نشست ہے (مثلاً اِفسیوں 20:1؛ عبرانیوں 1:1-3)۔یہ تخت درحقیقت داؤد کی بادشاہی کا تخت ہے جس کا وعدہ ہمیشہ سے مسیح کے لیے کیا گیا تھا (لوقا 32:1-33)۔ بالفاظِ دیگر، خدا نے مسیح یسوع میں داؤد کی بادشاہی کو اپنی بادشاہی بنایا ہے۔
3۔ آسمان وہ جگہ ہے جہاں اِیمان داروں کی رُوحیں رحلت کرنے کے بعد جاتی ہیں
پولُس نے فلپیوں (23:1)میں یہ اُمید ظاہر کی کہ جب وہ اِس دُنیا سے کوچ کرے گا تو وہ ”مسیح کے ساتھ “ ہو گا۔ چونکہ ہم جانتے ہیں کہ یسوع مسیح اِس وقت آسمان میں ہے ، تو اِس کا یقیناً مطلب یہ ہے کہ مسیح پر اِیمان رکھنے والے اپنی جسمانی موت کے بعد آسمان میں اُس کے ساتھ ہوتے ہیں ۔ اِسی طرح 2۔کرنتھیوں 6:5-8 بیان کرتا ہے کہ ”ہم کو بدن کے وطن سے جدا ہو کر خداوند کے گھر میں رہنا زیادہ منظو ر ہے“ اگر مسیح خداوند اِس وقت آسمان میں موجود ہے ، تو پھر ضرور ہم اپنی موت کے بعد آسمان پر اُس کے ساتھ ہوں گے۔ بالخصوص ہماری رُوحیں ”بدن سے جدا ہو کر “ آسمان پر جاتی ہیں، جہاں ہم مردوں کے جی اُٹھنے کا اِنتظار کرتے شعوری وجود سے لطف اندوز ہوں گے۔ اِیمان داروں کی رُوحیں اُن کی موت کے وقت تقدس میں کامل ہو جاتی ہیں، اور فواً جلال میں داخل ہو جاتی ہیں، اور اُن کےبدن اُس وقت تک مسیح کے ساتھ متحد ہو کر قیامت تک اپنی قبروں میں آرام کرتے ہیں (ویسٹ منسٹر مختصر کیٹیکیزم : سوال ۳۷)۔
4۔ آسمان وہ جگہ ہے جہاں اِیمان دار اِس وقت مسیح کے ساتھ موجود ہیں
اگرچہ بائبل واضح طور پر بیان کرتی ہے کہ اِیمان داروں کی روحیں اُن کے بدنوں سے جُدا ہو کر مسیح کے پاس جاتی ہیں، تاہم ایسے بھی کئی حوالہ جات ہیں جو یہ بیان کرتے ہیں کہ مسیحی پہلے ہی خدا کے ساتھ ”مسیح یسوع میں آسمانی مقاموں پر بیٹھے ہیں “ (اِفسیوں 6:2)۔ چونکہ وہ اِیمان دارو جو زندہ ہیں اور اِس وقت زمین پر موجود ہیں، اِس لیے یہ ایک مقامی حقیقت ہونی چاہئے۔ بالفاظ دِیگر ، اِس وقت ہم جسمانی طور پر آسمان میں موجود نہیں ہیں، لیکن ہم وہاں سکونت کرتے ہیں۔ ہمیں اپنے آپ کو یسوع کے ساتھ پہلے سے ہی حکومت کرنے اور حق کے ساتھ حکمرانی کرنے والا سمجھنا چاہئے، بھلے ہی ہمیں اپنے تجربے میں اِس کا مکمل شعور نہ ہو۔ یہ تقدیس کے لیے بہت بڑی حوصلہ افزائی ہے۔ عین ممکن ہے کہ ہم ابھی قوموں پر حکومت نہ کرتے ہوں ، لیکن مسیح کے ساتھ، مسیح کی صلیب کے وسیلہ سے ہم پہلے سے ہی گناہ اور غیرمسلح حکومت والوں اور اِختیار والوں پر اُس کے ساتھ بیٹھے ہیں (دیکھئے! کلسیوں 13:2-15)۔ جب رومیوں 12:6 ہمیں بتاتا ہے کہ ”پس گناہ تمہارے فانی بدن میں بادشاہی نہ کرے کہ تم اُس کی خواہشوں کے تابع رہو“ ہم حقیقتاً رُوح القدس کی قدرت سے اِس حکم کی فرماں برداری کر سکتے ہیں۔ گناہ کا ہم پر کوئی تسلط نہیں، وہ صرف اُس حد تک غلبہ رکھتا ہے جس حد تک ہم اُسے اِجازت دیتے ہیں۔ لہٰذا گناہ کو اپنے اوپر حکمرانی کرنے کی اِجازت نہ دیں۔
5۔موجودہ آسمان ہمیشہ تک نہیں رہے گا
آسمان کاموجودہ مقام، جہاں مسیح اپنے تخت پر بیٹھا ہے اور زمین سے رحلت کرنے والے اِیمان دار اُس کی موجودگی میں لطف اندوز ہو رہے ہیں ، تاریخ کے مکمل دائرہ کار کے لحاظ سے محض عارضی ہے۔ ایک دِن، مکاشفہ 1:21؛ 5:22 وضاحت کرتا ہے ”خدا ایک نیا آسمان اور نئی زمین “ لائے گا۔ آسمان اور زمین پھر سے ایک ہو جائیں گے ، اور ہم وہاں ہمیشہ کے لیے اپنے خالق کے ساتھ رہیں گے، اُسے رُوبرو دیکھیں گے۔ حتمی اُمید تخلیق کی تباہی نہیں ہے بلکہ اُس کی مکمل تجدید اور بحالی ہے (دیکھئے! یسعیاہ 17:65-25؛2۔پطرس 13:3)۔
یہ مضمون بائبل کی ہر کتاب کا حصہ اورپانچ چیزیں جاننے کے مجموعے سے ہے۔
یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔