تین چیزیں جو آپ کو یرمیاہ کی کتاب کے بارے میں جاننی چاہئیں
18/11/2025
تین  چیزیں جو آپ کو زکریاہ کی کتاب کے بارے میں جاننی چاہئیں
25/11/2025
تین چیزیں جو آپ کو یرمیاہ کی کتاب کے بارے میں جاننی چاہئیں
18/11/2025
تین  چیزیں جو آپ کو زکریاہ کی کتاب کے بارے میں جاننی چاہئیں
25/11/2025

تین چیزیں جو آپ کو یعقوب کے خط کے بارے میں جاننی چاہئیں

یعقوب کا خط اُس ذیلی مجموعے کا آغاز ہے جسے ”عالم گیر خطوط“ یا پھر ”عام خطوط“ کہا جاتا ہے۔ اِن خطوط کو یہ نام اِس لئے دیئے گئے ہیں، کیوں کہ یہ کسی مخصوص کلیسیا یا فرد کے نام نہیں بلکہ (کم و بیش) پوری کلیسیا کے نام لکھے گئے ہیں۔ اِس صورتِ حال میں، یہ خط اُن ”بارہ قبائل“ کو مخاطب کر کے لکھا گیا جو ”جلاوطنی میں“ ہیں (یعقوب 1:1) ایک علامتی اور معنی خیز انداز، جو دُنیا بھر میں بکھرے ہوئے خدا کے تمام لوگوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ اِس مضمون میں ہم اِس خط کے بارے میں جاننے کے لئے تین اہم نکات پر غور کریں گے: 

1۔گمانِ غالب ہے کہ یہ خط یسوع مسیح کے سوتیلے بھائی (یعقوب) نے لکھا 

آیئے سب سے پہلے مصنف کا تعیّن کرنے سے آغاز کرتے ہیں۔ ” یعقوب“  نام کے چار اَفراد اِس حوالے سے ممکنہ اُمیدوار ہیں۔ زبدی کا بیٹا یعقوب (جو یوحنا کا بھائی تھا- متی 21:4) اور بہت جلد شہید ہو گیا۔ حلفئی کا بیٹا یعقوب (متی 3:10) اور یہوداہ کا باپ یعقوب (لوقا 16:6) اِبتدائی کلیسیا میں یہ دو افراد (حلفئی کا بیٹا یعقوب/ یہوداہ کا باپ یعقوب) اِس قدر غیر معروف شخصیات تھے کہ محض ”یعقوب“  کہہ کر اپنے آپ کو متعارف کروانا اُن کے لئے ممکن نہ تھا۔ اِس  لئے سب سے زیادہ قرینِ قیاس بات یہی ہے کہ یہ خط یسوع کے بھائی یعقوب (متی 55:13) نے لکھا ہو۔ یہ یعقوب اِبتدا میں ایک غیر اِیمان دار شخص تھا (یوحنا 5:7) لیکن مُردوں میں سے جی اُٹھے خداوند یسوع کے ساتھ ایک ڈرامائی انداز میں ہونے والی ملاقات (1۔کرنتھیوں 7:15) کے ذریعے وہ مسیح پر اِیمان لایا اور بعد میں وہ اِبتدائی کلیسیا کا ستون بلکہ ممکنہ طور پر ایک ایک رسول بن گیا  (گلتیوں 19:1-9:2)۔ ایک اہم سوال: مصنف کی شناخت کی اہمیت کیا ہے؟ 

اوّل، اِنجیل کی قدرت یعقوب کی تبدیلی کا باعث بنی، لیکن وہ یسوع سے اپنے خاندانی تعلق کو اَثر و رسُوخ کے لئے اِستعمال نہیں کرتا۔ وہ محض اپنے آپ کو ”خدا اور خداوند یسوع مسیح کا خادم“  کہتا ہے (یعقوب 1:1)۔ ثانیاً، یہی یعقوب یروشلیم کی مجلس میں فیصلہ کُن تقریر کرتا  اور عاموس 11:9-12 کا اِقتباس کر کے یہ واضح کرتا ہے کہ مسیح کی موت اور قیامت نے غیر قوموں اور یہودیوں کو اِیمان کے ایک ہی جھنڈے تلے متحد کر دیا ہے، نہ کہ نسل یا شریعت کے اَعمال کی بنیاد پر (اَعمال 13:15-21)۔ اُس نے نہ صرف خود خوش خبری کا تجربہ کیا بلکہ اُسے دُوسروں تک بھی پہنچایا۔ ثالثاً، یعقوب نے اپنے بھائی یسوع کی براہِ راست تعلیمات کو اپنے خط میں شامل کیا ہے، جیسے کہ ”غریب خداوند کی بادشاہی کے وارث ہوں گے“ (یعقوب 5:2؛ متی 3:5-5)۔ ماتم اور ہنسی کا ذِکر(یعقوب 9:4؛ لوقا 25:6) فروتنوں کو سر بلند کرنا (یعقوب 10:4؛ متی 12:23) اور ”ہاں“ یا ”نہ“ کی تاکید  (یعقوب 12:5؛ متی 34:5-37)۔ اُس کے بھائی کی خوش خبری اب اُس کی اپنی خوش خبری بن چکی تھی۔ 

2۔ یعقوب کا مقصد مسیحی زِندگی کے طرزِ عمل کی راہ نمائی کرنا ہے۔

نہ صرف یہ کہ مصنف کی اپنی شخصیت خوش خبری (اِنجیل) سے تشکیل پاتی ہے، بلکہ اِس خط میں اُس کے مقاصد بھی اِسی خوش خبری سے  گہرے طور پر مربوط ہیں۔ آبائے کلیسیا سے لے کر موجودہ دَور کے مفسرین تک، اِس خط کی ساخت اور مقاصد کے بارے میں ایک طویل بحث جاری ہے، کیوں کہ یہ رومیوں کے خط کی طرح کسی سخت منطقی ترتیب کی پیروی نہیں کرتا۔ مگر اِس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ خط بالکل ہی غیر منظم ہے۔ یہ اپنی ساخت میں ایک غیرمربوط انداز رکھتا ہے کیوں کہ اِس کا بنیادی مقصد اَخلاقی نصیحت ہے، جو اُن لوگوں کو دی جا رہی ہے جو پہلے ہی مسیح میں بہن بھائی ہیں (یعقوب 9:1، 16، 19؛ 19:5)۔ یعقوب ایک پاسبان کی حیثیت سے ایک رُوحانی باپ کا کردار ادا کرتا ہے جو مسیحیوں پر اِس بات کو منکشف کرتا ہے کہ خوش خبری کو کس طرح سے اُن کی زندگی کو بدل دینا چاہئے۔ وہ اپنے قارئین کو یہ مشورہ دیتا ہے کہ وہ گناہ کے بجائے دِین داری کی راہ اِختیار کریں۔ ذیل میں کچھ مثالیں ملاحظہ ہوں:  

  1. فرماں برداری: کلام پر عمل کرنے والے بنو، نہ کہ محض سننے والے (یعقوب 2:1-27)
  2. رفاقت: دُوسروں سے بِلا اِمتیاز محبت رکھو، طرف داری نہ کرو (یعقوب 1:2-13)
  3. فرماں برداری: اپنے اِیمان کو عملی جامہ پہناؤ، خالی اور بے اَثر اِیمان نہ رکھو (یعقوب 14:2-26)
  4. رفاقت: اپنی زبان سے دُوسروں کے لئے برکت کا سبب بنو،اِسے دُوسروں کو نقصان پہنچانے کے لئے اِستعمال نہ کرو (یعقوب 1:3-18)
  5. فرماں برداری: پاکیزگی کی روِش اِختیار کرو، دُنیا کی مانند نہ بنو (یعقوب 1:4-17)
  6. رفاقت: غریبوں سے محبت رکھو، ناپاک دولت کے پیچھے نہ بھاگو (یعقوب 1:5-6)
  7. فرماں برداری: صبر کو اپنی عملی زندگی میں ظاہر کرو، مصیبت میں شکایت نہ کرو (یعقوب 7:5-20)

 مصنف فرماں برداری اور رفاقت کے دو غالب موضوعات کو مختلف زاویوں سے دوبارہ بیان کرتا ہے تاکہ سچائی کو محض نظریاتی  بیانات کے طور پر نہیں بلکہ ایک چرواہے کے انداز میں عملی اِطلاق کے طور پر پیش کرے۔ اگر خوش خبری کا کلام دِل کی زمین میں جڑ پکڑ لے، تو یہ وہ پھل ہے جو اِسے پیدا کرنا چاہئے (یا پھر نہیں کرنا چاہئے)۔

۳۔ یعقوب کا خط،  پولُس کے خطوط کی تردِید نہیں بلکہ اُن کی تکمیل کرتا ہے۔

ایسے مقاصد کو مدِنظر رکھتے ہوئے، ہم  مارٹن لوتھر کی اُس شکایت پر دوبارہ غور کر سکتے ہیں کہ یعقوب کے خط میں پولس کے خطوط جیسی ”شریعت اور خوش خبری“ کی وضاحت موجود نہیں۔ یہ مسئلہ یعقوب 24:2 میں بامِ عروج پر پہنچتا ہے: ”پس تم نے دیکھ لیا کہ اِنسان صرف اِیمان سے ہی نہیں بلکہ اَعمال سے راست باز ٹھہرتا ہے“بظاہر یہ بیان پولُس کے دعوے کی واضح تردِید لگتا ہے کہ ”چناں چہ ہم یہ نتیجہ نکالتے ہیں کہ اِنسان شریعت کے اَعمال کے بغیر اِیمان کے سبب سے راست باز ٹھہرتا ہے“ (رومیوں 28:3)۔ 

لیکن ٹھہریئے! بات اِتنی سادہ نہیں۔ پولُس کا اِستدلال رومیوں  (اور گلتیوں)  میں ایک مخصوص ترتیب سے آگے بڑھتا ہے: پہلے وہ بے اِیمانی کا ذِکر کرتا ہے جہاں محض شریعت پر عمل اِنسان کو نجات نہیں دے سکتا  (رومیوں 18:1-20:3) پھر وہ بیان کرتا ہے کہ کس طرح اِنسان اِیمان کے وسیلے سے خدا کے حضور راست باز ٹھہرایا جاتا ہے (رومیوں 21:3-23:4)۔ اِس کے بعد وہ متبنیٰ ہونے اور تقدیس کا ذِکر کرتا ہے جو راست بازی کے اِعلان سے جنم لیتی ہے (رومیوں 5-8)۔ بہ اَلفاظِ دِیگر، پولُس کا بیان کہ اِنسان اَعمال کے بجائے اِیمان سے راست باز ٹھہرتا ہے، اُس کے اُس اِستدلال کا حصہ ہے جو یہ بیان کرتا ہے کہ کوئی شخص نجات کیسے پاتا ہے۔

یعقوب کا بیان بالکل مختلف نکتہ پیش کر رہا ہے۔ وہ اُن لوگوں سے مخاطب ہے جو اِیمان کا دعویٰ تو کرتے ہیں (یعقوب 14:2) لیکن اُس کے ساتھ کسی قِسم کی مسیحی محبت یا رحم دِلی موجود نہیں ہوتی (یعقوب 16:2)۔ ایسا ”اِیمان“  جس  کے ساتھ عمل کا پھل نہ ہو،  درحقیقت اِیمان ہی نہیں ہوتا  (یعقوب 17:2)۔ وہ (اِیمان) خالی یا مردہ ہے، اور یوں محض ذہنی تکرار کے برابر ہے، جیسا کہ شیاطین بھی کرتے ہیں، اِس سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ 

خلاصہ یہ ہے کہ یعقوب ایک مختلف سوال کا جواب دیتا ہے کہ : ” نجات پانے کے بعد اِنسان کیا کرتا ہے؟ مَیں کیسے ظاہر کروں کہ میرا اِیمان حقیقی ہے؟“۔ اگرچہ وہ اپنے جواب کو نہایت  واضح اور دوٹوک انداز میں پیش کرتا ہے، یعنی ”اَعمال کے ذریعے“ لیکن اُس کی بنیادی بات پولُس رسول کی تعلیم سے قطعی مختلف نہیں ہے (دیکھیے! فلپیوں 12:2)۔ اِس کا مطلب صرف یہ ہے کہ جب پولُس ”راست بازی“(justification)  کے موضوع پر بات کر رہا ہوتا ہےتو وہ اِس سوال کے اُس پہلو کا جواب نہیں دے رہا ہوتا جو ”نجات پانے کے بعد کی زِندگی “ سے متعلق ہے۔

جب ہم اِن معاملات کو اِس زاویے سے دیکھتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ یعقوب کی تحریر پولُس کے خطوط کی مخالفت نہیں کرتی بلکہ اُن کی تکمیل کرتی ہے۔ یہ خط کسی طور پر بھی غیر مؤثر خط نہیں ہے، جس طرح پولُس کے وہ خطوط بھی نہیں جن میں اِنجیل کو مسیحی زِندگی کے لئے ایک خوب صورت سرچشمے کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ 

یہ مضمون کتاب مقدس کی ہر کتاب میں سے جاننے کے لئے تین اہم نکات کا مجموعہ ہے۔

یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔

گریگ لنیر
گریگ لنیر
ڈاکٹر گریگ لنیر(Greg Lanier) آرلینڈو، فلوریڈ ہ، میں ریفارمڈ تھیولوجیکل سیمنری میں نئے عہد نامہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ہیں ،اور لیک میری،فلو ریڈہ ، میں ریور آکس (River Oaks) چر چ میں اسسٹنٹ پاسٹر ہیں ۔وہ کئی کتابوں کے مصنف ہیں جن میں ’ہم نے بائبل کو کیسے حاصل کیا ‘ شامل ہیں