
کلام ِ مقدس میں نجات کا بیان
28/07/2026اِصلاحی علم ِ النجات کیوں اہم ہے ؟
جیسا کہ ہم مضامین کے اِس مختصر سلسلے میں دیکھ چُکے ہیں کہ بائبلی وفاداری پر مبنی علم ِ نجات کو برقرار رکھنا کوئی ایسی بات نہیں جسے معمولی سمجھ کر نظر انداز کیا جا سکے ۔پُرانے عہد نامہ میں بہت سے بنی اسرائیل نے مُوسوی عہد کی اصل نوعیت کو غلط سمجھا اور نجات کے بارے میں شریعت پرستی (قانونی طرز فکر) کی طرف مائل ہو گئے ۔جب کہ کچھ دوسرے لوگ صریحاً بُت پرستی میں مُبتلا ہو گئے ۔اپنی خدمت کے دوران ، پولُس رسول کو اِس بات پر بڑی حیرت ہوئی کہ جن لوگوں کو اُس نے خود تعلیم دی تھی وُہ کتنی جلدی ایک مختلف خوشخبری کی طرف مائل ہو رہے تھے (گلتیوں ۱: ٦)۔
ابتدائی کلیسیا میں پلاجین ازم(Pelagianism) اور نیم پلاجین ازم(Semi Pelagianism) ایک ایسا مسئلہ بن گئے جو کبھی مکمل طور پر ختم نہ ہوا ۔اگرچہ ابتدا میں دونوں کی مذمت کی گئی تھی ، مگر جب ہم چودھویں اور پندرھویں صدی تک پہنچتے ہیں تو نیم پلاجین ازم ایک غالب نظریہ بن چُکا تھا اور بعض لوگ اِس پختہ نظریے ، پلاجین ازم کی طرف مائل ہو رہے تھے ۔مختلف غیر مسیحی ( مُشرکانہ) نظریات کے زیر اثر ، نجات کو اس طور پر سمجھا جانے لگا کہ یہ انسانی فطرت کی سر بُلندی ہے ، جو رومن کیتھولک کلیسیا کے مخصوص شُدہ کاہنوں کے وسیلہ سے ساکرامنٹس کی ادائیگی کے ذریعے سے حاصل ہوتی ہے ۔اِس کلیسیائی کہانتی (Ecclesio-Socerdotal) نظام نے قرون ِ وسطیٰ کے دوران مکمل طور پر بائبلی نجات کے نظریے کی جگہ لے لی ۔آج بھی راستبازی کے بائبلی عقیدے پر حملے جاری ہیں اور اُسے یا تو رَد کیا جاتا ہے یا پھر تبدیل کیا جاتا ہے ۔
۱-اِصلاحی علم النجات اِس لیے بھی اہم ہے کیونکہ یہ بائبلی تعلیم کے ساتھ وفاداری کو برقرار رکھتا ہے
یہ تعلیم اعمال کے ذریعے سے نجات اور فضل کے ذریعے سے نجات کے درمیان فرق پر زور دیتی ہے ۔یہ پلاجین اِزم اور نیم پلاجین اِزم کے نظریات کو اوگسطینی کی تعلیمات کے مطابق مضبوطی سے رَد کرتی ہے ۔اِس نے راستبازی کے اُس وجودیاتی نظریے کو جو رومن کیتھولک کلیسیا میں داخل ہو چکا تھا ، بھی رَد کیا ، اور خُدا کے نجات بخش فضل کے بائبلی ادراک کی طرف واپس لائی ۔
۲-اِصلاحی علم النجات اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ یہ سینکڑوں اصلاحی الٰہیاتی ماہرین اور خادموں کی طویل مدت کی گہری اور مسلسل تفسیری محنت پر مبنی ہے
یہ محض کسی”انفلوئنسر ” صاحب ِ اثر شخص کی بے سوچی سمجھی بات نہیں تھی جو اُس نے سرسری طور پر پیش کر دی ہو ۔دہائیوں پر محیط تفسیری محنت کے نتیجے میں ایک جامع الٰہی عہد وجود میں آیا جس نے گِراوٹ سے پہلے اور گِراوٹ کے بعد کی حالت کے درمیان فرق کو پوری طرح واضح کر دیا ۔اِس نے کلیسیا کو مجبور کیا کہ وُہ اعمال اور فضل کے درمیان ، اور شریعت اور اِنجیل کے درمیان بائبلی امتیاز کو یاد رکھے ۔
۳-اِصلاحی علم النجات اِس لیے بھی اہم ہے کہ یہ الٰہیات کے ہر دوسرے موضوع کے ساتھ گہرا اور قریبی تعلق رکھتی ہے ۔
یہ عقیدہِ تثلیث ،الٰہی فرمان، تخلیق ، پروردگاری، انسان اور اُس کی گِراوٹ کا عقیدہ ، مسیح کی ذات اور اُس کے کام ، نجات کی ترتیب کے مطابق اِس کا اِطلاق ،کلیسیا اور اُس کی پاک رسومات اور آخری ایام کے درمیان بائبلی ربَط کو قائم رکھتی ہے ۔مثال کے طور پر ، آرمینین (Arminian)علم نجات کے برعکس ، اِصلاحی علم النجات ,علم الٰہی میں نہ تو بے ربطی پیدا کرتا ہے اور نہ ہی کوئی تضاد پیدا کرتا ہے ۔اِس میں ایسا نہیں ہے کہ باپ نجات کے بارے میں ایک اِرادہ رکھے اور بیٹا اُس سے بالکل مختلف اِرادہ رکھے ۔
۴-بالآخر ، اِصلاحی علم النجات اِس لیے اہم ہے کیونکہ انجیل اہم ہے
آدم اور حوّا کے تمام بیٹے اور بیٹیاں گُناہ میں مُردہ ، خُدا کے دشمن ، اور نا اُمید ی کی حالت میں پیدا ہوتے ہیں ، اور کچھ نہیں کر سکتے جب تک کہ خُدا خود اُن کے لیے کچھ نہ کرے ۔مگر خُدا کا شُکر ہے کہ اُس نے مسیح یسوع کی ذات اور اُس کے کام کے وسیلہ سے کچھ کیا ہے ، اور اب ہمیں اِس خوشخبری کی مُنادی کرنے کے لیے بُلایا گیا ہے ۔پولُس رسول کرنتھیوں کے نام اپنے پہلے خط میں اِس خوشخبری کا خُلاصہ پیش کرتا ہے ۔یہ وُہ پیغام ہے کہ ” مسیح کِتاب مُقدس کے مُطابق ہمارے گُناہوں کے لیے مُوا۔ اور دَفن ہوا اور تیسرے دن کتاب مُقدس کے مُطابق جی اُٹھا ۔ اور کیفا کو اور اُس کے بعد اُن بارہ کو دِکھائی دیا ۔ پھر پانچ سو سے زیادہ بھائیوں کو ایک ساتھ دِکھائی دِیا ۔ جن میں سے اکثر اب تک موجود ہیں اور بعض سو گئے ۔ پھر یعقوب کو دِکھائی دیا ۔پھر سب رسولوں کو (۱ کرنتھیوں ۱۵: ۳-۷)۔
یسوع مسیح ہی گُم گشتہ انسانیت کی نجات کا واحد راستہ ہے ۔کوئی بھی اُس کے وسیلہ کے بغیر خُدا کے پاس نہیں آتا (یوحنا ۱۴: ٦)۔
جیسا کہ ڈور ٹ کے کیننز (Canons of Dordt) میں بیان کیا گیا ہے :
اِنجیل مقدس کا وعدہ ہے کہ جو کوئی مسیح ِ مصلُوب پر ایمان لاتا ہے وُہ ہلاک نہیں ہو گا بلکہ ہمیشہ کی زندگی پائے گا ۔توبہ کرنے اور ایمان لانے کے حکم کے ساتھ ، اِس وعدہ کا اعلان اور اِس کی مُنادی اُن تمام قوموں اور تما م لوگوں میں کی جانی چاہیے ، جن کے پاس خُدا اپنی مرضی اور خُوشنودی کے مطابق خوشخبری بھیجتا ہے ۔
اِصلاحی علم النجات اِس لیے اہم ہے کہ یہ ہمیں اس بائبلی خوشخبری کو قائم رکھنے پر مجبور کرتا ہے اور ہمیں اُن بے شُمار لغزشوں سے بچنے میں مدد دیتا ہے جنہوں نے صدیوں سے کلیسیا کو آزمائش میں ڈالا ہے ۔
یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔


