بُت  پرستی سے کیا مُراد ہے؟
04/11/2026
شریعت پرستی میں مبتلا ہوئے بغیر پاکیزگی کی جستجو کیسے کریں؟
19/11/2026
بُت  پرستی سے کیا مُراد ہے؟
04/11/2026
شریعت پرستی میں مبتلا ہوئے بغیر پاکیزگی کی جستجو کیسے کریں؟
19/11/2026

دُعائیہ اجتماعات کی قوت

2۔ کرنتھیوں 1: 11 میں ایک نہایت خوب صورت اور مختصر عبارت پائی جاتی ہے:” اگر تُم بھی مِل کر دُعا سے ہماری مدد کرو گے تاکہ جو نعمت ہم کو بہت لوگوں کے وسیلہ سے مِلی اُس کا شُکر بھی بہت سے لوگ ہماری طرف سے کریں“۔ 

2۔کرنتھیوں  کے پہلے باب  میں اِس آیت کا سیاق و سباق مسیحی زِندگی اور خدمت میں آنے والے مصائب  سے متعلق ہے۔ پولُس رسول اپنے تمام خطوط میں سے اِسی خط میں اپنے قارئین کے سامنے سب سے زیادہ اپنے دِل کی بات کھول کر بیان کرتا ہے۔ وہ اُس تسلی کا ذِکر کرتا ہے جو اُسے ’’رحمتوں کے باپ‘‘ اور ’’ہر طرح کی تسلی کے خدا‘‘ کی طرف سے حاصل ہوئی (2۔ کرنتھیوں 3:1)۔ 

اپنی برداشت سے کہیں بڑھ کر شدید دباؤ اور مصیبتوں کے درمیان، خدا نے اُسے تقوِیت بخشی۔ وہ اپنی طاقت کی آخری حد تک پہنچ چکا تھا۔ اُس میں مزید برداشت کی گنجایش باقی نہیں رہی تھی۔ یہاں تک کہ وہ خود بیان کرتا ہے کہ اُسے اپنی زندگی سے بھی مایوسی ہونے لگی تھی۔ بعض لوگ شاید یہ سمجھیں کہ ایک مسیحی کے لئے اِس طرح کی بات کرنا مناسب نہیں، لیکن پولُس رسول حقیقتِ حال کو کہیں زیادہ حقیقت پسندانہ انداز میں بیان کرتا ہے۔

ہر مسیحی کی زندگی میں ایسے مشکل حالات آتے ہیں جو اُسے یہ کہنے پر مجبور کر سکتے ہیں: ” مَیں نہیں جانتا کہ مجھے کیا کرنا چاہئے، اور نہ ہی مجھے معلوم ہے کہ آیا میں اِس سفر کو مزید جاری رکھ سکوں گا یا نہیں“۔ اُس عورت کے بارے میں سوچیں جسے یسوع مسیح خون بہنے کی بیماری میں مبتلا حالت میں مِلا۔ وہ کئی برسوں سے اِس تکلیف کا سامنا کر رہی تھی، اور اپنے علاج پر اپنی ساری دولت خرچ کر چکی تھی، مگر معالجوں نے اُس کی حالت بہتر کرنے کے بجائے مزید خراب کر دی تھی۔ کیا کبھی ایسا نہیں ہوا ہوگا کہ وہ بھی زندگی سے مایوس ہو گئی ہو؟

ذرا اُن آزمایشوں کے بارے میں سوچیں جن سے ہمارے مسیحی بھائی بہن گزر رہے ہیں: بعض ایسے ہیں جو ناقابلِ برداشت غم کا بوجھ اُٹھائے ہوئے ہیں، بعض ایسے ہیں جن  کی شادی کی اُمیدیں کبھی پوری نہیں ہوئیں، بعض کے عزیز طویل عرصے سے بیمار ہیں اور اُن کی صحت یابی کی کوئی اُمید دِکھائی نہیں دیتی، اور بعض نے اولاد کے لئے خدا سے بارہا دُعا کی، مگر اُن کی دُعا پوری نہ ہوئی۔ پولُس رسول بھی اِس قدر شدید اَذِیّت میں مبتلا تھا کہ اُس کے دِل میں یوں محسوس ہوتا تھا گویا اُس پر موت کا فیصلہ صادِر ہو چکا ہے۔

جب پولُس رسول اپنی زِندگی اور اُن مصیبتوں پر غور کرتا ہے جن سے وہ گزر رہا تھا، تو وہ بیان کرتا ہے کہ یہ سب کچھ خدا کی  خود مختار  حاکمیت سے باہر نہیں تھا۔ یہ واقعات محض کسی اِتفاق کا نتیجہ نہیں تھے ، بلکہ یہ سب اِس لئے پیش آیا تاکہ ہمارا بھروسا اپنے اُوپر نہیں بلکہ اُس خدا پر ہو جو مُردوں کو زندہ کرتا ہے۔

پولُس رسول کے لئے مسیحی خدمت کی مسلسل مشقتوں اور دباؤ نے اُسے اُس مقام تک پہنچا دیا جہاں اُس کی اپنی طاقت جواب دے گئی۔ اُسی مقام پر اُسے اِس حقیقت کا اِدراک ہوا کہ وہ اپنی قوت کے بل  بوتے پر اِس آزمایش سے نہیں گزر سکتا۔ لیکن خدا کی قوت پر بھروسا کرتے ہوئے وہ اُن تمام حالات کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو گیا۔

مجھے یقین نہیں کہ ہم اِس بات کا پوری طرح اِدراک رکھتے ہیں کہ اپنی ذات پر بھروسا کرنے کا فتنہ کس قدر مسلسل ہمارے سامنے رہتا ہے ۔ بہت سے پہلوؤں سے دیکھا جائے تو یہی مسیحی زندگی کی سب سے بڑی  جنگ  ہے۔ یہ ایک مسلسل جدوجُہد ہے کہ ہم روز بروز اپنے آپ کو یاد دِلاتے رہیں کہ” سارے دِل سے خداوند پر توکل کر اور اپنے فہم پر تکیہ نہ کر“)اَمثال 5:3)۔ مَیں اکثر اِس جھوٹ کا شکار ہو جاتا ہوں کہ اگر مَیں بس کچھ زیادہ کوشش کروں یا اپنے اندر مزید قوتِ اِرادی پیدا کر لوں، تو مَیں اپنے بَل  پر کامیاب ہو جاؤں گا۔

ہمارے اِیمان کو تباہ کرنے والی چیز اپنی ذات پر بھروسا کرنا ہے۔ مسیحی زِندگی میں سب سے زیادہ ہلاکت خیز چیز شک نہیں ہے۔ بعض اوقات شک کرنا فائدہ مند بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ اگر ہم اپنے شکوک کا صحیح انداز میں سامنا کریں، تو یہی شکوک ہمارے اِیمان کو مزید مضبوط کر سکتے ہیں۔ لیکن جو چیز ہمارے اِیمان کو تباہ کر دیتی ہے، وہ اپنی ذات پر بھروسا ہے۔

آزمایشوں، آزمایش میں ڈالنے والے وسوسوں اور جدوجُہد کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ وہ ہمیں بار بار یاد دِلائیں کہ ہم اپنی ذات پر بھروسا نہ کریں۔ ایک ایسا خدا موجود ہے جو قادرِ مطلق ہے، اور جس کی قادرِ مطلق قدرت قبر تک پہنچ کر مُردوں کو بھی زندہ کر سکتی ہے۔ آزمایشیں ہماری زندگی میں آ کر اپنی ذات پر بھروسا کرنے کے ہمارے باطل گمان کا غبارہ پھوڑ دیتی ہیں۔ مسیحی زندگی میں بار بار ایسے مواقع آتے ہیں جب ہم دوبارہ خدا پر بھروسا کرنے کی طرف لوٹ جاتے ہیں، تاکہ ہم جان لیں کہ یہ کام صرف خداوند ہی کر سکتا ہے۔

2۔ کرنتھیوں  کے پہلے باب میں پولُس رسول پہلے ہی اپنے خط کے اُس مرکزی موضوع کی طرف اِشارہ کر رہا ہے کہ خدا کی قوت اِنسانی کمزوری میں ظاہر ہوتی ہے۔ اِسی سلسلۂ بیان میں وہ یہ بھی ذِکر کرتا ہے کہ اِس کلیسیا کی دُعاؤں نے اُس کی مدد کی ہے۔ خدا کی خود مختار  حاکمیت  کے مطابق، خدا نے اپنے لوگوں کی دُعاؤں کو پولُس رسول کی ثابت قدمی کا وسیلہ بنایا۔ 

اکثر جب ہم دُعا کے بارے میں سوچتے ہیں تو ہماری توجہ صرف اِنفرادی دُعا پر ہوتی ہے، لیکن یہاں پولُس رسول یہ بیان کرتا ہے کہ خدا کے لوگوں کی اِجتماعی دُعاؤں نے اُس کی مدد کی ہے۔ جب کرنتھس کی کلیسیا نے مِل کر دُعا کی)اصل زبان واضح کرتی ہے کہ یہاں صیغہ واحد نہیں بلکہ جمع اِستعمال ہوا ہے)، تو اُن کی دُعائیں پولُس رسول کے لئے باعثِ برکت بنیں، اور اِس کے نتیجے میں بہت سے لوگ پولُس رسول اور اُس کے ہم خدمت ساتھیوں کے لئے خدا کا شکر ادا کرتے ہیں۔

کلیسیائی طور پر مِل کر دُعا کرنا نہایت حوصلہ اَفزا بات ہے۔ میری بڑی کمزوریوں میں سے ایک یہ ہے کہ جب کسی صورتِ حال میں خود کو بے بس محسوس کرتا ہوں، تو میرے دِل میں یہ خیال آتا ہے: ” مَیں تو صرف دُعا ہی کر سکتا ہوں“ گویا دُعا کرنا کوئی معمولی یا ثانوی عمل ہو۔ اکثر ہم چاہتے ہیں کہ ہم عملی طور پر بھی کسی کی مدد کریں، اور بہت سے مواقع پر ہم ایسا کر بھی سکتے ہیں۔ لیکن کئی مرتبہ میرے ذہن میں یہی خیال آتا ہے: ” مَیں تو صرف دُعا ہی کر سکتا ہوں“۔ ہمیں اِس حقیقت کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہماری دُعائیں واقعی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔خدا کی خود مختار حاکمیت کے مطابق ، ہمارے مسیحی بھائی بہن ہماری دُعاؤں کے وسیلے ثابت قدم رہتے ہیں۔

اگر ہم کلیسیا ئی سطح پر اپنی دُعاؤں کی قدرت کو دیکھ سکیں، یعنی یہ کہ ہماری دُعائیں ایک دُوسرے کی محافظت کرتی ، ایک دُوسرے کی مدد کرتی اور ایک دُوسرے کو ثابت قدم رکھتی ہیں، تو یہ بات ہمیں اُن مسیحیوں کے لئے زیادہ دِل جمعی سے دُعا کرنے کی ترغیب دے گی جو آزمایشوں سے گزر رہے ہیں۔ ایک بہت بڑے خادِم اور مصنف جیفری ولسن اِس آیت کے بارے میں لکھتے ہیں: ” ہم کسی ایسے ڈرامے کے محض خاموش تماشائی نہیں ہیں جس میں ہمارا کوئی کردار ہی نہ ہو“۔ 

جب ہم دُعائیہ مجلس میں جمع ہوتے ہیں، تو ہم خدا کے مقاصد کی تکمیل میں شریک ہوتے ہیں۔ اِس میں ایک گہرا بھید پوشیدہ ہے، لیکن ہماری دُعائیں مسیح میں ہمارے بھائی بہنوں کی مدد کا وسیلہ بنتی ہیں اور خدا اُنہیں اپنے اَبدی مقاصد کی تکمیل کے لئے اِستعمال کرتا ہے۔

یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔