
دُعائیہ اجتماعات کی قوت
19/11/2026شریعت پرستی میں مبتلا ہوئے بغیر پاکیزگی کی جستجو کیسے کریں؟
اپنی کتاب’’مکمل مسیح‘‘ (The Whole Christ)میں ڈاکٹر فرگسن شریعت پرستی کی ایک نہایت مفید تعریف بیان کرتے ہیں: ” شریعت پرستی دراصل خدا کی شریعت کو خدا کی ذات سے الگ کر دینے کا نام ہے… یعنی اُس کی شریعت کو اُس کی محبت کرنے والی اور فیاض ذات سے جُدا کر دینا“۔اگر ہم خدا کی شریعت اور اُس کے تقاضوں کو اُس محبت کرنے والے اور فیاض خدا کی ذات سے الگ کر دیں جس کی یہ شریعت ہے،تو لازماً ہماری پاکیزگی کی جستجو ایک غیر صحت مند اور شریعت پرستانہ رُخ اِختیار کر لے گی۔اِس لئے ضروری ہے کہ ہم پاکیزگی کی جستجو ہمیشہ اِس بات کو یاد رکھتے ہوئے کریں کہ خدا کون ہے اور وہ ہمیں پاک بننے کے لئے کیوں بُلاتا ہے۔
2۔کرنتھیوں 3:1-4 میں پولُس رسُول خدا کی حمد کرتا اور اُس کی ذات کا نہایت خوب صورت تعارُف پیش کرتا ہے کہ وہ کون ہے: ”ہمارے خُداوند یسوع مسیح کے خُدا اور باپ کی حمد ہو جو رحمتوں کا باپ اور ہر طرح کی تسلّی کا خُدا ہے۔ وہ ہماری سب مصیبتوں میں ہم کو تسلّی دیتا ہے تاکہ ہم اُس تسلّی کے سبب سے جو خُدا ہمیں بخشتا ہے اُن کو بھی تسلّی دے سکیں جو کِسی طرح کی مصیبت میں ہیں“۔ رحمتوں کے باپ نے گنہگاروں کو نجات دینے کے لئے اپنے بیٹے کو دُنیا میں بھیج کر ہماری مصیبتوں میں ہمیں تسلی دی۔ اپنی عظیم محبت کے باعث، باپ نے یسوع مسیح کو بھیجا تاکہ وہ ہمیں اُس ناپاکی سے مخلصی بخشے جس میں ہم اپنے گناہ کے سبب خود جا گرے تھے۔ ہمارے آسمانی باپ نے ہمارے لئے خداوند یسوع مسیح کو نجات دِہندہ بنا کر بھیجا، تاکہ وہ ہمیں اپنے حضور راست باز ٹھہرائے۔ صرف فضل ہی سے، صرف اِیمان کے وسیلے سے اور صرف مسیح کے نجات بخش کام کی بِنا پر ہی ہمیں خدا کے ساتھ صلح حاصل ہوئی ہے (رومیوں 5: 1-2)۔
لیکن ہمارا رحمتوں سے بھرا ہوا باپ صرف اِس بات پر اِکتفا نہیں کرتا کہ ہمیں راست باز ٹھہرائے اور اپنے حضور مقبول بنائے، بلکہ وہ یہ بھی چاہتا ہے کہ ہم پاک بنیں ، جیسے کہ وہ پاک ہے (1۔پطرس 15:1-16)۔ اِس لئے خدا بھی ہمیں خداوند یسوع مسیح کی شبیہ کے مطابق نئے سرے سے ڈھالنے کا کام کرتا ہے۔ چناں چہ، اِنجیل کی خوش خبری یہ ہے کہ جس مسیح نے اپنے خون کے وسیلے ہمیں مخلصی بخشی، وہی اپنے رُوح کے وسیلے ہمیں اپنی شبیہ کے مطابق ڈھالتا بھی جا رہا ہے (ہائیڈل برگ کیٹی کیزم، سوال 86)۔
چناں چہ، ہمیں پاکیزگی کی جستجو اِس یقین اور اِطمینان بخش حقیقت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے کرنی ہے کہ پاکیزگی ہمارے آسمانی باپ کا ہمارے لئے مقصد ہے، اور یہ کہ مسیح، روحُ القدس کی قدرت سے، اِس مقصد کو پورا کرنے کے لئے مسلسل سرگرمِ عمل ہے۔ ہمیں بھی اِس کام میں شریک ہونا اور اُس کے ساتھ تعاوُن کرنا ہے، لیکن خدا کے اِس کام کی کامیابی، جس کے ذریعے وہ ہماری تجدید کرتا ہے ،اُس کا اِنحصار ہم پر نہیں بلکہ ہمارے خدائے ثالوث پر ہے، کیوں کہ یہ اُسی کا کام ہے۔ روحُ القدس 1 ۔تھسلنیکیوں 5: 23-24 میں ہمیں اِس حقیقت کا یقین دِلاتا ہے کہ: ”خُدا جو اِطمینان کا چشمہ ہے آپ ہی تُم کو بالکُل پاک کرے اور تمہاری رُوح اور جان اور بدن ہمارے خُداوند یِسُوع مسیح کے آنے تک پُورے پُورے اور بے عَیب محفُوظ رہیں۔ تمہارا بُلانے والا سَچّا ہے۔ وہ اَیسا ہی کرے گا“۔خدا چاہتا ہے کہ ہم پاک بنیں، اور اِسی لئے وہ وعدہ کرتا ہے کہ وہ خود ہم میں ایسا کام کرے گا کہ اُس کی یہ مرضی ہم میں پوری ہو جائے۔
پاکیزگی کی جستجو میں، مسیح کے لئے شکرگزاری شریعت پرستی کا سب سے مؤثر علاج ہے۔ ہم پاکیزگی کی جستجو اِس لئے نہیں کرتے کہ اپنے آپ کو خدا کے حضور مقبول ٹھہرائیں۔
خدا ہماری تقدیس اور تجدید کا اِس قدر خیال اِس لئے رکھتا ہے ، کیوں کہ وہ چاہتا ہے کہ ہم اُس کی بادشاہی میں اُس کے ساتھ زِندگی بسر کرنے کے لائق بنیں۔ ہم جانتے ہیں کہ خدا کی بادشاہی ’’راست بازی، سلامتی اور شادمانی‘‘ پر مشتمل ہے(رومیوں 17:14)۔ خدا جانتا ہے کہ راست بازی کے بغیر اُس کے لوگ اُس کی بادشاہی کی سلامتی اور خوشی سے لطف اندوز نہیں ہو سکتے۔ ذرا اِنسان کی گراوٹ کو یاد کریں۔ ہم راست بازی سے پھر کر ناراستی کی طرف مائل ہو گئے۔ اِس کے نتیجے میں خدا کے ساتھ جو اِطمینان ہمیں حاصل تھا، وہ برباد ہو گیا، اور اُس کی جگہ خدا کے ساتھ دشمنی نے لے لی۔ لیکن خدا زندگی بخشنے والا خدا ہے۔ اُس نے ہمیں اِس لئے پیدا کیا کہ ہم اُس کے ساتھ راست بازی، سلامتی اور خوشی میں زندگی بسر کریں۔ اِسی لئے اُس نے ہمارے ساتھ اپنے تعلق کو بحال کرنے کا منصوبہ بنایا (پیدایش 3: 15)۔
ہمارا رحمتوں سے بھرا ہوا آسمانی باپ چاہتا ہے کہ ہم زبور 1 کے اُس شخص کی مانند بن جائیں، جس کی خوشنودی خداوند کی شریعت میں ہے اور جو دِن رات اُسی پر دھیان لگائے رکھتا ہے۔ کیوں ؟ : ” کیوں کہ وہ اُس درخت کی مانند ہوگا جو پانی کی ندیوں کے پاس لگایا گیا ہے۔ جو اپنے وقت پر پھلتا ہے اور جس کا پتا بھی نہیں مُرجھاتا۔ سو جو کچھ وہ کرے بارور ہوگا(زبور 3:1)۔
ہم خدا کی شریعت سے اُس وقت خوشی حاصل کرتے ہیں جب ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ ہمارے زِندگی بخشنے والے خدا کی وہ شریعت ہے جو زندگی کے لئے برکت کا سرچشمہ ہے۔ خدا چاہتا ہے کہ ہم پاکیزگی کی جستجو کریں، اُس کی خواہش ہے کہ ہم اب اور ہمیشہ کے لئے مضبوطی سے قائم، پھل دار، ثابت قدم اور کامیاب رہیں۔ ہمارے آسمانی باپ کی ہمارے لئے مرضی یہ ہے کہ: ” ہم مسیح کے وسیلے پورے دِل سے خدا میں خوشی منائیں، خدا کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے سے محبت کریں اور ہر طرح کے نیک کام اَنجام دیں “(ہائڈل برگ کیٹی کیزم، سوال 90)۔
پاکیزگی کی جستجو میں، مسیح کے لئے شکرگزاری شریعت پرستی کا سب سے مؤثر علاج ہے۔ ہم پاکیزگی کی جستجو اِس لئے نہیں کرتے کہ اپنے آپ کو خدا کے حضور مقبول ٹھہرائیں، بلکہ اِس لئے کرتے ہیں کہ مسیح کے خون کے وسیلے ہمیں جو مخلصی عطا ہوئی ہے اور مسیح کے رُوح کے وسیلے جو تجدید ہم میں مسلسل عمل میں آ رہی ہے، اُس کے لئے ہم خدا کے شکر گزار ہیں۔ ہم خوشی کے ساتھ پاکیزگی کی جستجو کرتے ہیں، کیوں کہ خدا نے ہمیں اِسی مقصد کے لئے پیدا کیا اور مسیح میں نیا مخلوق بنایا ہے: ” کیوں کہ تم کو اِیمان کے وسیلہ سے فضل ہی سے نِجات مِلی ہے اور یہ تمہاری طرف سے نہیں۔ خُدا کی بخشِش ہے۔اور نہ اَعمال کے سبب سے ہے تاکہ کوئی فخر نہ کرے۔ کیوں کہ ہم اُسی کی کارِیگری ہیں اور مسیح یسوع میں اُن نیک اَعمال کے واسطے مخلُوق ہُوئے جِن کو خُدا نے پہلے سے ہمارے کرنے کے لِئے تیّار کِیا تھا“(اِفسیوں 8:2-10)۔
خدا کرے کہ وہ ہمیں شریعت پرستی سے محفوظ رکھے اور جب ہم پاکیزگی کی جستجو کریں تو اپنے فضل اور رُوح کے وسیلے ہماری راہ نُمائی کرتا رہے۔
یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔


