تین  چیزیں جو آپ کومتی کی اِنجیل  کے بارے میں جاننی چاہئیں  
20/09/2024
تین  چیزیں جو آپ کومتی کی اِنجیل  کے بارے میں جاننی چاہئیں  
20/09/2024

تین  چیزیں جو آپ کومرقُس کی اِنجیل  کے بارے میں جاننی چاہئیں  

مرقس کی انجیل، چاروں اناجیل میں سب سے مختصر ہے، لیکن یہ علم المسیح سے بھرپور ہے۔ دیگر اناجیل کی طرح، مرقُس کی  اِنجیل کو بھی اِس کے الہٰیاتی پیغام کی قدر  کے لئے ایک مسلسل بیانیے کے طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ مرقس  کو ایک بیانیہ کے طور پر پڑھنے کا مطلب یہ ہے کہ پورے مجموعے کو یہ بتانے کی اجازت دی جائے کہ ہم اِس کے کسی بھی حصے کو کس طرح پڑھتے ہیں۔

اِس روشنی میں، یہاں مرقس کے بیانیے کی درج ذیل تین خدمات ہیں۔


۱۔ مرقُس کی اِنجیل، یسوع کو خدا کے الٰہی  بیٹے  کی حیثیت سے پیش کرتی ہے۔

بعض اوقات لوگ یہ سوچتے ہیں کہ مرقس کی انجیل، یسوع کے اِنسانی پہلو کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ یوحنا کی انجیل، پولُس  رسول کے خطوط، عبرانیوں کے نام خط اور نئے عہد نامے کی دیگر کُتب  یسوع مسیح کی الوہیت  پیش کرتی ہیں۔ یقینی طور پر، مرقس میں، خداوند یسوع کو حقیقی اِنسان کی حیثیت سے پیش کیا گیا ہے۔ یسوع مسیح نیا آدم ہے جو خدا کی کامل فرماں برداری کرتا ہے اور اُس امن کو بحال کرتا ہے جس کا اصل میں باغِ عدن میں ارادہ کیا گیا تھا  ( دیکھیں،  مرقس ۱: ۱۲- ۱۳)۔ 

یسوع مسیح کی بشریت کو دیکھنا اکثر آسان ہوتا ہے،کیوں کہ وہ واضح طور پر کامِل بشریت کا حامل تھا  جو قدیم دُنیا میں، اپنی زمینی  زندگی کے دوران میں ہمارے درمیان رہا تھا۔ وہ غصہ، ہمدردی، تھکاوٹ، بھوک، تکلیف کا مظاہرہ کرتا  ہے، اور پھر بحیثیتِ انسان مر جاتا ہے۔ ہمیں خداوند یسوع کی کامِل بشریت کی تصدیق کرنی اور خوشی منانی چاہئے، کیوں کہ ہمارا نجات دہندہ حقیقی  اِنسان ہے، مگر ہم سے کم نہیں۔

پھر بھی، اگر ہم سمجھتے ہیں کہ مرقس کی اِنجیل، یسوع مسیح کو محض حقیقی اِنسان کی حیثیت سے  پیش کرتی ہے، تو ہم اِس انجیل کو بہت کم یا غلط سمجھتے ہیں۔  بلاشبہ، مرقس  کی اِنجیل کے مطابق یسوع مسیح کے متعلق محققانہ  بیانات میں اکثر ایسا ہی ہوتا رہا ہے۔ لیکن ہمیں اُن واضح اشاروں کو نہیں بھولنا چاہئے جو مرقس ہم پر عیاں کرتا  ہے کہ یسوع مسیح الہٰی ہے۔ 

مرقس  ۱: ۱  میں، اِنجیل کا پیغام  یسوع مسیح، ابنِ خدا کا پیغام ہے۔اِس انجیل کا آغاز ہی  مسیح یسوع کی الوہیت کو  بیان کرتا ہے، اور باقی حوالہ جات اُس کے لئے ’’ ابنِ خدا‘‘ کی زبان استعمال کرتے ہوئے اِسے مزید واضح کرتے ہیں۔  ’’ابنِ خدا‘‘ کا اگلا حوالہ خداوند یسوع کے بپتسمے کے وقت  جب ایک مافوق الفطرت آسمانی آواز یسوع مسیح کو  اپنے بیٹے کی حیثیت سے بیان کرتی ہے ( مرقس ۱: ۱۱)۔ مندرجہ ذیل  حوالہ جات میں، مسیح یسوع کو مافوق الفطرت ہستیوں کے ذریعے سے  متعدد موقعوں  پرابنِ خدا کی حیثیت سے  شناخت کِیا گیا ہے (مرقس ۱: ۲۴؛ ۳: ۱۱؛ ۵: ۷- ۱۰)، بشمول یسوع کی صورت کا بدلنا،  جہاں ہم یسوع کے الٰہی جلال کی ایک جھلک دیکھتے ہیں ( مرقس ۹: ۲- ۷)۔   درحقیقت، مرقس میں، اِنجیل کے اختتام تک  کوئی بھی عام اِنسان یسوع مسیح کو خدا کے بیٹے کی حیثیت سے تسلیم نہیں کرتا،  ماسوائے، صلیب پر ایک رومی صوبے دار جو یسوع کو ابنِ خدا، تسلیم کرتا ہے ( مرقس ۱۵: ۳۹)۔ اپنی مصلوبیت کے بعد، ہم مرقس کی انجیل میں واضح طور پر دیکھتے ہیں کہ خداوند یسوع واقعی مُردوں میں سے جی اُٹھا تھا جیسا کہ اُس نے پیشین گوئی کی تھی ( مرقس ۱۶: ۱- ۸)،  اور یہ مسیح یسوع کے الٰہی جلال کی طرف بھی اشارہ کرتا ہے  وہ جلال جو اُس کے  صورت بدلنے کے واقعے میں متوقع تھا۔ ہم مرقس میں یسوع کی الوہیت کو دیکھنے کے دیگر طریقوں کی بھی ایک  فہرست دے سکتے ہیں، بشمول خداوند کا اپنی ہیکل میں آنے کا اطلاق  (یسعیاہ ۴۰: ۳؛ مرقس ۱: ۲- ۳)، وہ اختیار جس کے باعث وہ گناہوں کو معاف کرتا ہے ( مرقس ۲: ۵- ۶)،  فطرت پر اُس کا اختیار ( مرقس ۴: ۳۵- ۴۱)،  مُردوں کو زندہ کرنے کا اختیار ( مرقس ۵: ۳۵- ۴۳)۔  مختصراً،یسوع مسیح مرقس کی اِنجیل میں نہ صرف حقیقی اِنسان ، بلکہ حقیقی طور پر الٰہی ذات بھی رکھتا ہے۔ 


۲۔ یسوع مسیح، مرقس کی اِنجیل  میں اپنی موت کے منفرد، متبادل مقصد کے بارے میں واضح طور پر بات کرتا ہے۔

مرقس کی اِنجیل کی ایک اَور اہم خصوصیت یسوع مسیح کا اپنی موت کو اِرادتاً بیان کرنا ہے۔بعض لوگوں نے اِستدلال کِیا ہے کہ انجیل میں کفارے کے متعلق علمِ الٰہی موجودنہیں ہے۔ لیکن مرقس اِس مؤقف کی تردید کرتا ہے، کیوں کہ  یسوع مسیح  کم از کم دو موقعوں پر اپنی موت کا مقصد واضح طور پر بیان کرتا ہے۔

مرقس ۱۰: ۴۵،  یسوع کا اپنی موت کے ارادے کے بارے میں سب سے واضح حوالہ  ہے: ’’ابنِ آدم اِس لئے نہیں آیا کہ خدمت لے بلکہ اِس لئے کہ خدمت کرے اور اپنی جان بہتیروں کے بدلے فدیہ میں دے۔‘‘ یہاں متبادل زبان ’’ بہتیروں کے لئے‘‘ پر غور کریں۔ یہ فقرہ  یسعیاہ  ۵۳: ۱۱- ۱۲ کے مصیبت زدہ خادم کی زبان کی عکاسی کرتا ہے۔

ایک دوسرا حوالہ، جو یسوع مسیح کی موت کی متبادل ماہیت کو ظاہر کرتا ہے وہ  عشائ ربانی کے وقت استعمال کئے گئے الفاظ میں ملتا  ہے (مرقس ۱۴: ۲۲- ۲۵)۔ یہاں خداوند یسوع روٹی اور مے کے ذریعے سے بیان کرتا  ہے کہ اُس کا  بدن  اور خون بہتیروں کے لئے دِیا جائے گا۔ یہ  الفاظ ایک دفعہ پھر یسعیاہ  ۵۳ باب کے مصیبت زدہ خادم کے حوالے کی عکاسی کرتے ہیں اور یہ حوالہ جات واضح کرتے ہیں کہ یسوع  مسیح نے اپنی موت کا ارادہ ایک  متبادل قربانی کے طور پر کِیا تھا۔ لہٰذا، ہمارے لئے  یہ مناسب ہے کہ ہم اُس کی موت کی یادگاری میں اِس پاک شراکت میں شریک ہوتے رہیں جب تک کہ وہ دوبارہ  اپنی کلیسیا کو لینے نہ آئے(۱- کرنتھیوں ۱۱: ۲۳- ۲۶)۔ 


۳۔ مسیح  کی موت کی انفرادیت کو مجروح کئے بغیر، مرقس کی اِنجیل مسیح یسوع کی مصیبتوں اور اُس کی موت کو شاگردیت کے لئے بطورِ نمونہ پیش کرتی ہے۔

مسیح کی صلیب کے پیغام کو  غلط سمجھنے میں ایک خطرہ یہ لاحق ہے کہ اِسے متبادل موت کی بجائے ، محض اعلیٰ نظریات یا قربانی کی محبت کے نمونے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ یقینی طور پر،  گناہ گاروں کے لئے مسیح یسوع کی  عوضی موت سے انکار، پہلی ترتیب کی ایک الہٰیاتی غلطی ہے۔  مسیح کی موت منفرد ہے اور اپنے لوگوں کے گناہوں کا کفارہ ادا کرتی ہے۔ اِس بات کی بڑی وضاحت کے ساتھ تصدیق بہت ضروری ہے۔ 

اِس کے ساتھ ہی، مرقس کی اِنجیل یسوع مسیح کی موت کو نہ صرف ایک منفرد اور متبادل کفارے کی حیثیت سے  پیش کرتی ہے۔ بلکہ وہ اِسے شاگردیت کے لئے ایک نمونہ کے طور پر بھی پیش کرتی ہے۔ مرقس کی اِنجیل میں  یسوع مسیح تین دفعہ،اپنی موت اور قیامت کی پیشین گوئی کرتا ہے (مرقس ۸: ۳۱- ۳۳؛ ۹: ۳۱؛  ۱۰: ۳۳- ۳۴)،  اور  اِن تینوں واقعات کو  وہ شاگردیت کی بلاہٹ کے ساتھ ، مستقبل میں اپنے ردّ کئے جانے اور مصائب کے بارے میں اپنی بحث سے مربوط کرتا ہے ( مرقس ۸: ۳۴- ۳۸؛ ۹: ۳۳- ۳۷؛ ۱۰: ۳۵- ۴۵)۔  مسیح یسوع نہ صرف ہمارا نجات دہندہ ہے، بلکہ وہ اِس برگشتہ دُنیا میں رہنے والے اِیمان داروں کے لئے ایک  نمونہ بھی ہے  ( موازنہ کے لئے،  ۱- پطرس ۲: ۲۱- ۲۵)۔ 

نتیجہ

مرقس کی انجیل ہمیں ایک نجات دہندہ پیش کرتی ہے جو واقعی الٰہی ہے، ایک حقیقی انسان ہے، اور جو منفرد انداز میں اپنی  قیمتی جان  کو اپنے لوگوں کے گناہوں کے متبادل کفارہ کے طور پر قربان کرتا  ہے۔ ہم  اپنے اِیمان کے ذریعے سے اُس کی موت سے مُستفید ہوتے ہیں، یہاں تک کہ ہم اُس سے سیکھتے ہیں کہ جلال کا راستہ ، مصیبتوں کا  راستہ ہے۔

یہ مضمون بائبل کی ہر کتاب کا حصہ اورتین چیزیں جاننے کے مجموعے  سے ہے

یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔