تین چیزیں جو آپ کو کرنتھیوں کے دُوسرے خط کے بارے میں جاننی چاہئیں
31/08/2024تین چیزیں جو آپ کو اِفسیوں کی کلیسیا کے بارے میں جاننی چاہئیں
31/08/2024تین چیزیں جو آپ کو گلتیوں کی کلیسیا کے بارے میں جاننی چاہئیں
1۔ گلتیوں کی کلیسیا نے مسیح کی طرف سے پولُس کی خوش خبری کا دِفاع کیا ہے۔
بعض قارئین شاید اِس بات سے ناواقف ہوں گے کہ گلتیہ میں پولُس کی رسولی حیثیت پر مخالفین نے حملہ کیا تھا۔ اُنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پولُس سچا رسول نہیں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پولُس رسول اپنی زمینی خدمت میں مسیح کا حقیقی پیروکار نہیں تھا۔ مزید برآں اُنہوں نے اِس بات پر زور دے کر کہا کہ پولُس کی خوش خبری یروشلیم کی اُس تعلیم سے متصادم ہے جو پطرس، یوحنا اور یعقوب نے سکھائی۔ بالفاط دِیگر بعض مشتعل اَفراد نے کہا کہ پولُس کی خوش خبری یروشلیم کے رسولوں پر منحصر تھی۔ نیز اُنہوں نے پولُس پر اِنجیل کی خوش خبری کو مسخ کرنے کا اِلزام بھی عائد کیا۔
اِس لئے پہلے دو ابواب میں پولُس رسول اِنجیل کی صداقت کا دِفاع کرتا ہے۔ وہ اِس بات پر زور دیتا ہے کہ جس خوش خبری کا اُس نے اِعلان کیا اُس کا نزول مافوق الفطرت طور پر دمشق کی راہ پر یسوع مسیح کے وسیلہ سے ہوا تھا۔ پولُس کی خوش خبری کو اُسی سے منسوب نہیں کیا جا سکتا ،بلکہ یہ خوش خبری آزادانہ طور پر اُسے مسیح خداوند کی طرف سے موصول ہوئی تھی۔ محض یہی نہیں، بلکہ چودہ سال بعد جب پولُس یروشلیم گیا تو پطرس، یعقوب اور یوحنا نے اُس کی خوش خبری کی تصدیق کی۔اُنہوں نے اِس بات کو تسلیم کیا کہ پولُس کی خوش خبری حقیقی خوش خبری ہے، اور اُنہوں نے اِقرار کیا کہ یہ وہی خوش خبری ہے جس کی ہم نے منادی کی تھی۔ درحقیقت، پولُس نے پطرس کو اُس وقت بھی ملامت کی جب اُس نے اِنطاکیہ میں خوش خبری پر سمجھوتا کیا(گلتیوں 11:2-14)۔ گلتیوں کے پہلے دو ابواب میں پولُس پھر اِس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اُس نے یہ خوش خبری براہ راست مسیح خداوند سے موصول کی ہے اور اُس نے یروشلیم میں مقیم رسولوں کی تعلیم کو مسخ نہیں کیا۔ وہ سب ایک ہی اِنجیل سناتے تھے۔
2۔ گلتیوں نے سکھایا کہ ہم اِیمان سے راست باز ٹھہرائے گئے ہیں نہ کہ اَعمال کے ذریعے
گلتیوں کا خط عہدِجدید کی وہ پہلی کتاب ہے جس میں پولُس رسول نے ببانگِ دُہل اِس سچائی کو بیان کیا کہ اِیمان دار نیک اَعمال سے نہیں، بلکہ خداوند یسوع مسیح پر اِیمان کے وسیلہ سے ہی راست باز ٹھہرائے جاتے ہیں۔ تاہم اُس کے مخالفین نے اِس بات پر زور دیا کہ نجات کے حصول کے لئے ختنہ اور شریعت پر عمل کرنا ضروری ہے (گلتیوں 2:5-4؛ 12:6-13؛ مزید دیکھیں! پیدایش 9:17-14؛ اعمال 1:15-5)۔ اِن مخالفین کی سمجھ سے بالاتر بات یہ تھی کہ عہدِ جدید کا آغاز مسیح خداوند کی موت اور اُس کے مردوں میں سے جی اُٹھنے سے ہوتا ہے۔ اِیمان دار اب ختنہ کی تعلیم اور شریعت کے ماتحت نہیں تھے۔ یقیناً اِیمان داروں کی نجات کا تعلق اِیمان کے ساتھ ہے، جیسا کہ پولُس نے اَبرہام کی مثال کا اِستعمال کرتے ہوئے اِشارہ کیا (گلتیوں 6:3-9)۔ اب جبکہ مسیح آ چکا ہے، تو یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ کوئی بھی شریعت کے اَعمال سے نہیں، بلکہ یسوع مسیح پر اِیمان لانے سے ہی نجات پاتا ہے۔ خوش خبری یہ ہے کہ اب ہم راست باز ہیں، یعنی خدا کے حضور راستی پر ہونے کا اِعلان کیا گیا ہے، جو کہ خود حاصل کرنے سے نہیں بلکہ اِیمان لانے سے، اور نہ ہی اپنے نیک اَعمال کے ذریعے بلکہ یسوع مسیح میں خدا کے فضل کے وسیلہ سے۔ اگر راست بازی شریعت کے اَعمال سے حاصل ہوتی تو مسیح کا مرنا عبث تھا(گلتیوں 21:2)۔ راست بازی کبھی اِنسانی فرماں برداری سے نہیں آتی ،کیوں کہ خدا کامل فرماں برداری کا تقاضا کرتا ہےاور جتنے شریعت کے اَعمال پر تکیہ کرتے ہیں اُن کو لعنت کے ماتحت قرار دِیا گیا ہے (گلتیوں 10:3)۔ لعنت کو صرف مسیح کی موت کے وسیلہ سے زائل کیا گیا، کیوں کہ جب وہ صلیب پر تھا تو اُس نے ہماری لعنتوں کو اپنے اوپر لے لیا (گلتیوں 13:3)۔ اِس کے بعد گلتیوں وہ پہلا خط ہے جو برملا اِعلان کرتا ہے کہ اِیمان دار صرف فضل سے، اِیمان سے،مسیح یسوع کے وسیلہ سے خدا کے جلال کے لئے نجات پاتے ہیں۔
3۔گلتیوں نے رُوح کی فرماں برداری کو واضح کیا ہے
پولُس گلتیوں میں فرماں برداری کی اہمیت پر بھی زور دیتا ہے۔ اِس طرح کی فرماں برداری ہماری مخلصی یا خدا کے ساتھ ہمارے دُرُست تعلق کی بنیاد نہیں ہے۔ اِیمان داروں کے لئے اِن چیزوں کی واحد بنیاد یسوع مسیح کی موت اور اُس کا مردوں میں سے جی اُٹھنا ہے، جس نے ہمارے گناہوں کو معاف کیا اور اُسی کی راست بازی ہم سے منسوب کی جاتی ہے۔ تاہم اِس سے یہ نتیجہ اخذ کرنا غلط ہو گا کہ فرماں برداری ایک غیر اہم چیز ہے۔ پولُس مضبوط اِصطلات کا اِستعمال کرتے ہوئے یہ بیان کرتا ہے کہ جو لوگ جسمانی کاموں پر عمل کرتے ہیں وہ خدا کی بادشاہی کے وارث نہیں ہوں گے (گلتیوں 19:5-21)۔ اِسی طرح جو جسم کے لئے بوتے ہیں وہ بدکاری کی فصل کاٹیں گے (گلتیوں 8:6)۔ تاہم اِیمان داروں کی حیاتِ اَبدی خود ساختہ نہیں، اور نہ ہی یہ فضل کی خوش خبری کے متصادم ہے۔ اِیمان داروں کو مافوق اُلفطرت طاقت کی ضرورت ہے اور یہ طاقت رُوح القدس کے وسیلہ سے آتی ہے۔ اِسی لئے پولُس اِیمان داروں کو رُوح میں چلنے کی نصیحت کرتا ہے (گلتیوں 16:5) رُوح کے ذریعہ حکمرانی اور ہدایت کرنے کےلئے (18:5) رُوح کے پھلوں کو پیدا کرنے کے لئے (گلتیوں 22:5-23) رُوح کے موافق چلنا (25:5) رُوح کے لئے بونا (8:6)۔ پولُس قوانین کی پاسداری نہیں چاہتا، کیوں کہ اِیمان داروں کی فرماں برداری فضل کے وسیلہ سے ہے۔
خلاصہ
گلتیوں کے خط میں تین چیزیں واضح ہیں،پہلی چیز، پولُس کو مسیح کے فضل کے وسیلہ سے دمشق کی راہ پر رسول ہونے کی بلاہٹ ہوئی۔ دُوسری، اِنجیل ہمیں سکھاتی ہے کہ ہم صرف اِیمان کے وسیلہ سے راست باز ٹھہرائے گئے ہیں نہ کہ اپنے نیک اَعمال سے، اور ہماری خلاصی مسیح کے مرنے اور مردوں میں سے جی اُٹھنے کے وسیلہ سے ہوئی، جو ہماری لعنتوں کو جس کے ہم مستحق تھے خود پر لے کر مر گیا۔ تیسری چیز، اِیمان داروں نے اِس نئی زندگی کو اپنی نہیں بلکہ رُوح کی طاقت سے حاصل کیا ہے، خدا کے سامنے قابلیت حاصل کرنے کے لئے نہیں، بلکہ اپنی زندگی میں خدا کے فضل سے کام کرنے کے لئے۔
یہ مضمون بائبل کی ہر کتاب کا حصہ اورتین چیزیں جاننے کے مجموعے سے ہے
یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔