
تین چیزیں جو آپ کو یوناہ کے بارے میں جاننی چاہئیں
24/10/2025
تین چیزیں جو آپ کو پطرس کےپہلے عام خط کے بارے میں جاننی چاہئیں
28/10/2025تین چیزیں جو آپ کو عزرا کی کتاب کے بارے میں جاننی چاہئیں
عزرا کی کتاب ، نحمیاہ کی کتاب کے ساتھ مِل کر ، بنی اِسرائیل کی تاریخ کے ایک سو برس پر محیط ہے، یہ دَور اُس شاہی فرمان سے شروع ہوتا ہے جو شاہِ فارس خورس نے 538 قبلِ مسیح میں جاری کیا تھا، جس کے تحت یہودیوں کو اِجازت ملی کہ وہ یروشلیم اور یہوداہ کی سرزمین کو واپس لوٹ جائیں۔ یہ سلسلہ نحمیاہ کی یروشلیم واپسی (433-432 قبلِ مسیح) تک جاری رہتا ہے۔ اِن سو برسوں کے دوران واقعات دو اہم اَدوار میں زیادہ مرتکز ہیں— 538 سے 515 قبلِ مسیح (عزرا 1 تا 6 ابواب) اور 458 سے 433 قبلِ مسیح (عزرا 7 تا نحمیاہ 13 ابواب)۔ پہلا دَور ہیکل ِ ثانی کی تعمیر نو پر مرکوز ہے، جبکہ دُوسرا دَور قوم کی اِصلاح اور تجدید کی جانب توجہ مبذُول کراتا ہے، جو عزرا کی قیادت میں شریعت کے نفاذ اور نحمیاہ کی قیادت میں فصیلِ یروشلیم کی تعمیر سے جڑا ہوا ہے۔ یہ اَدوار بڑی تیزی سے عہد کی کہانی کو آگے بڑھاتے رہے اور دُنیا کو اُس وعدہ کئے ہوئے نجات دِہندہ یعنی یسوع مسیح کی آمد کے لئے تیار کرتے ہیں۔
جب آپ عزرا کی کتاب کے بارے میں خیال کرتے ہیں تو مندرجہ ذیل تین اہم باتیں ہیں جو آپ کو جاننی چاہئیں:
1۔ شاہِ فارس خورس ، بادشاہ سے بڑھ کر ایک عظیم تر ، شفیق اور رحم دِل بادشاہ تھا جس نے خدا کے لوگوں کے لئے آزادی کا اعلان کیا۔
عزرا کی کتاب کے اِبتدائی ابواب میں ہم اُس دَور کے بارے میں سیکھتے ہیں جب قوم بنی اِسرائیل اپنے گناہو ں کے سبب سے ستر برس تک اپنی سرزمین سے جلاوطن رہی۔ لیکن خدا نے شاہِ فارس کے دِل کو اُبھارا کہ وہ اُنہیں آزاد کرے اور ساتھ ہی اپنی قوم کے دِل کو بھی تیار کیا کہ وہ واپس لوٹ کر اُس کی مقدس ہیکل کی تعمیر کریں جو کہ ایک مشرک بادشاہ (شاہ ِبابل) کے ہاتھوں ستر برس قبل مسمار ہو چکی تھی۔ یہ ایک حیرت انگیز داستان ہے، ایک ایسی کہانی جو ہلاکت اور عہد کے وعدے ، تباہی اور شادمانی، خوف اور اِیمان ،کٹھن حالات اور اُمید، رکاوٹوں اور نجات، دُکھ اور رِہائی، لرزتے دِلوں اور بھروسے ، فکروں اور حیرتوں سے لبریز ہے۔
وہی خدا جس نے خورس بادشاہ کے دِل کواُبھاراکہ وہ مقررہ وقت پر اُس کے لوگوں کو اپنے وطن واپس بھیجے، اُسی نے اپنے بیٹے کو اپنے مقرر کردہ وقت پر بھیجا ”تاکہ وہ قیدیوں کو رِہائی اور اندھوں کو بینائی پانے کی خوش خبری سنائے، کچلے ہوؤں کو آزاد کرے اور خداوند کے سالِ مقبول کی منادی کرے“ (لوقا 19:4-20)۔ وہی خدا آج آپ کے حالات پر مکمل اِختیار رکھتاہے۔ وہ آپ کو عین اُس وقت اور مقام پر رکھے ہوئے ہے جو اُس کی حکمت میں بہترین ہے۔ آپ اُمید کے ساتھ مستقبل کی طرف دیکھ سکتے ہیں، کیوں کہ وہ آپ کی آزمایشوں کو بھی اپنے قریب لانے اور اپنے عظیم نام کو جلال دینے کا وسیلہ بنا رہا ہے۔ آئیں ہم مسیح میں پائی جانے والی آزادی کا جواب اپنی رضا و رغبت سے خدمت اور قربانی کے جذبے کے ساتھ دیں ۔ آئیں ہم اپنی محبت کو یوں ظاہر کریں کہ خدا کی پرستش کریں اور اُس کے جلال کے لئے سرگرم ِعمل ہوں۔
2۔ ہیکلِ ثانی کی تعمیر مستقبل میں ظاہر ہونے والی حقیقی ہیکل کا محض عکس تھا ، یعنی خداوند یسوع مسیح، اور جس مخالفت کا سامنا اُس ہیکل کی تعمیرِنو میں قوم بنی اِسرائیل کو کرنا پڑا، وہ اُس بڑی مخالفت کی پیشبینی تھی جس کا سامنا مسیح کو اپنی زندگی اور خدمت کے دوران کرنا تھا۔
عزرا کی کتاب خدا کےلوگوں کو تسلی دیتی او ر اُنہیں اُس کی وفاداری اور اُس کے وعدوں کی یاد دِلاتی ہے ۔ یہ کتاب خدا کے لوگوں کو اِس اَمر کی آزمایش اور دعوتِ فکر بھی پیش کرتی ہےکہ وہ مشکل وقتوں میں بھی اپنے خدا کے ساتھ وفادار رہیں۔ آنکھوں کے آنسوؤں اور دِل کی حوصلہ شکنی کے درمیان، ہم اپنے نجات دِہندہ کی طرف نظر کرتے ہیں، جس نے ہماری خاطر دُکھ اُٹھایا اور ہم اُس کے قدموں پر چلتے ہوئے اُس کے جلالی ظہور کے منتظر ہیں۔ نااُمیدی کی وادی ایک دِن مسرت کے اُس اَبدی پہاڑ میں بدل جائے گی، جہاں ہم آنے والے شہر میں اپنے خداوند اور نجات دِہندہ کی عبادت ہمیشہ کرتے رہیں گے۔ اِیمان داروں کو چاہیے کہ وہ یہ توقع رکھیں کہ جب وہ خدا کے جلال کے لئے کام کریں گے اور مایوس کُن حالات میں اُس پر بھروسا کریں گے تو اُنہیں مصیبتوں کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔ ہمیں خوش دِلی سے اپنا مال و دولت اُن کے لئے پیش کرنا چاہئے جو خداوند کے کام میں مشغول ہیں، مسیح کے نام پر خدمت کے لئے خدا کے لوگوں کے ساتھ یک دِل ہو کر شریک ہونا چاہیے، اُن ستائے ہوئے اِیمان داروں کے لئے دُعا کرنی چاہیے جنہیں بادشاہی کے کام سے جبراً روکا گیا ہے اور اُن خادِموں کی حوصلہ اَفزائی کرنی چاہیے جو خوش خبری کے پیغام میں سرگرم ہیں۔
3۔ خدا اپنی قدرت اور مصلحت سے ہر چیز کو اپنے جلال اور نجات بخش مقاصد کے لئے ترتیب دیتا ہے۔
بابلی اسیری سے واپس آنے والوں نے حوصلہ شِکن حالات کے باعث ہیکل کی تعمیر کے کام کو روک دیا تھا۔ مگر خد ا کے اَنبیا نے اُنہیں خدا کا کلام پھر سے یاد دِلایا۔ اور صرف چار برسوں میں خدا نے اپنی اِلٰہی حکمت سے حالات کو یوں ترتیب دیا کہ ہیکل کا کام پایہ تکمیل کو پہنچا اور عبادت کا سلسلہ پھر سے بحال ہوا۔ یہ خدا کی اِلٰہی حکمت ، فضل اور شادمانی کی حیرت انگیز اور ایسی کہانی ہے جو ہمیں یاد دِلاتی ہے کہ جب ہم حوصلہ شکنی کے باعث اُس خدمت کو ترک کرنے کی آزمایش میں مبتلا ہوں جس کے لئے خدا نے ہمیں بلایا ہے تو ہمیں اُس کے کلام کی طرف رُجوع کرنا چاہئے تا کہ ہم حق کو پہچان سکیں۔ مسیح میں آرام پا کر اُس کی راہوں پر چلتے رہیں تاکہ اُس کی کامل شادمانی کا تجربہ حاصل کر سکیں اور اُس کے اِلٰہی مقاصد پر بھروسا رکھیں جو ہر چیز کو ہماری بھلائی اور اپنے جلال کے لئے باہم مربوط کر دیتا ہے۔ ہماری کامل شادمانی کی تکمیل مسیح سے ہماری رفاقت اور اُس کے کلام کی فرماں برداری میں مضمر ہے۔ اِسی حقیقت کے پیشِ نظر، لازم ہے کہ ہم خدا کی بادشاہی کے کام میں دُوسروں کی حوصلہ اَفزائی کلامِ مقدس کے اَلفاظ اور دُعا کے ذریعے کریں، اُن مقامات پر جہاں خدا نے ہمیں بلایا ہے پوری لگن سے اُس کی خدمت گزاری کاکام اَنجام دیں، دُوسروں کو سکھائیں کہ مسیح میں قائم رہنے سے حقیقی شادمانی حاصل ہوتی ہے اور باقاعدگی سے اِجتماعی عبادت میں شریک ہوں۔
صدیوں بعد جب عزرا کاہن نے یروشلیم کی جانب اپنے سفر کا آغاز کیا تو ایک اَور کاہن یروشلیم میں آیا۔ لیکن یہ کاہن آسمان سے زمین پر آیا تاکہ اپنے بدن کو قربان کر کے خدا کے لوگوں کی نجات کو یقینی بنائے۔ چونکہ صلیب پر اُس کی قربانی کامِل اور حتمی تھی، اِسی لئے آج مَیں اور آپ خدا کے فضل کے تخت کے پاس دلیری سے جا سکتے اور پورے اِعتماد کے ساتھ اپنے خدا سے دُعا کر سکتے ہیں کہ وہ ہمیں محفوظ رکھے ، ہماری ضروریات کو پورا کرے اور اپنے مقاصد کو ہماری زندگی میں پورا کرے۔ عزرا کی کتاب ہماری حوصلہ افزائی کرتی ہے کہ ہم اُس نیک کام کو جاری رکھیں جس کے لئے ہمارے کاہن اور بادشاہ نے ہمیں بلایا ہے ، اُس کی مصلحت کی تیاری ، محافظت اور مہیا کرنے پر بھروسا رکھیں۔
یہ مضمون کتاب مقدس کی ہر کتاب میں سے جاننے کے لئے تین اہم نکات کا مجموعہ ہے۔
یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔


