
تین چیزیں جو ہمیں کلسیوں کے خط کے بارے میں جاننی چاہئیں
08/09/2025
تین چیزیں جو آپ کو ناحوم کی کتاب کے بارے میں جاننی چاہئیں
11/09/2025تین چیزیں جو آپ کو پطرس کے دوسرے عام خط کے بارے میں جاننی چاہئیں
1۔ پطرس رسول کلیسیاؤں کو جھوٹی تعلیمات کے خطرات اور اُن کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بے دینی سے خبردار کرتا ہے۔
پطرس رسول اُن جھوٹے اَساتذہ کا نام نہیں لیتا، لیکن اُس کے بیان (2۔پطرس 1:2-3) سے واضح ہوتا ہے کہ وہ کبھی نام نہاد مسیحی تھے جو بعد میں اِیمان سے منحرف ہو گئے۔ پطرس اُنہیں ایسے اَفراد کے طور پر بیان کرتا ہے جو تباہ کن بدعتیں متعارف کرواتے ہیں، اُس مالک کا اِنکار کرتے ہیں جس کے بارے میں وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ” اُس نے اُن کی قیمت ادا کی “ ۔ اور بہت سے پیروکاروں کو اپنی طرف مائل کرتے ہیں جو خداوند کے خلاف کفر بکتے ہیں۔ جھوٹی تعلیم بالآخر گناہ آلود طرزِ عمل کی طرف لے جاتی ہے۔ اُن کی اِس رُوگردانی کے سبب، اُن پر خُدا کی عدالت یقینی ہے۔
پطرس کی دی گئی متعدد نشان دِہیوں کی بنیاد پر یہ ممکن ہے کہ اِن لوگوں نے پولس کے خطوط کو غلط طریقے سے اِستعمال کرتے ہوئے بے قاعدگی (بے شرع) رویے کو جائز ٹھہرانے کی کوشش کی ہو۔
مزید برآں، 2۔پطرس 15:3-16 میں پطرس رسول بیان کرتے ہیں کہ ” چناں چہ ہمارے پیارے بھائی پولس نے بھی اُس حکمت کے موافق جو اُسے عنایت ہوئی تمہیں یہی لکھا ہے ۔ اور اپنے سب خطوں میں اِن باتوں کا ذِکر کیا ہے جن میں بعض باتیں ایسی ہیں جن کا سمجھنا مشکل ہے اور جاہل اور بے قیام لوگ اُن کے معنوں کو بھی اَور صحیفوں کی طرح کھینچ تان کر اپنے لئے ہلاکت پیدا کرتے ہیں “۔ یہاں اِس بات کا اِنکشاف ہو جاتا ہے کہ رسولی دَور میں بھی پولس کے خطوط کے مفہوم کو مسخ کیا گیا تھا جیسے کہ ہمارے موجودہ دَور میں بھی ہے۔
2۔ پطرس اپنے قارئین کو ایسے لوگوں کے طور پر پیش کرتے ہیں جو اِیمان کے وسیلہ سے خدا کے حضور راست باز ٹھہرائے گئے ہیں۔
پطرس لکھتا ہے کہ ”اُن لوگوں کے نام جنہوں نے ہمارے خداوند اور منجی یسوع مسیح کی راست بازی میں ہمارا سا قیمتی اِیمان پایا ہے “ (2۔ پطرس 1:1)۔ یہ اِیمان خدا کی طرف سے دیا گیا ایک خاص تحفہ ہے جو ہمیں یسوع مسیح کے وسیلہ بخشا گیا ہے ، جو خدا کی راست بازی کا ذریعہ ہے اور یہ محض اِنسان کی اپنی کوشش سے حاصل نہیں ہوتا (اِفسیوں 8:2-9)۔
وہ سب جنہیں یہ اِیمان بخشا گیا ہے، اُنہیں اُسی اِیمان کا حامل ٹھہرایا گیا ہے جو ”ہمارا “ (یعنی رسولوں کا) ہے۔ اِیمان دار خدا کے سامنے یہ راست بازی اِیمان کے وسیلہ سے حاصل کرتے ہیں جس کا واحد ذریعہ یسوع مسیح ہے ، جس کے بارے میں پطرس رسول بیان کرتا ہے کہ وہ خدا ہے ۔
یہ راست بازی پطرس کے دوسرے عام خط میں نارست لوگوں یعنی جھوٹے اُستادوں اور اُن کے پیروکاروں کے بالمقابل رکھی گئی ہے۔ یہ وہ لوگ تھے جوکبھی راست بازی کی راہ سے واقف تھے اور پطرس اور دِیگر رسولوں کی منادی اور خوش خبری پر اِیمان رکھنے کا اِقرار کرتے تھے، تاہم بعد میں اُس سے منحرف ہو گئے۔ پطرس لکھتے ہیں: ” کیوں کہ راست بازی کی راہ کا نہ جاننا اُن کے لِئے اِس سے بہُتر ہوتا کہ اُسے جان کر اُس پاک حُکم سے پھِر جاتے “ (2۔پطرس 21:2) اور اِسی طرح وہ جھوٹے اُستادوں کا تقابل عہدِ عتیق کے ایک راست باز شخص ”نوح“ سے کرتے ہیں جو ”راست بازی کی منادی کرنے“ والا تھا (2۔پطرس 5:2)۔
اِیمان کی بخشش راست بازوں کو اُن لوگوں سے ممتاز کرتی ہے جو بالآخر خدا کی عدالت کا سامنا کریں گے، کیوں کہ وہ سچائی سے برگشتہ ہوگئے، یہ اِس قدر سنگین معاملہ ہے کہ پطرس نے اپنے اِس خط کے پورے دُوسرے باب میں بیان کیا ہے۔
3۔ پطرس ہمیں آگاہ کرتا ہے کہ جھوٹے اُستاد اِنکار کرتے ہیں کہ یسوع دوبارہ آئے گا۔
پطرس اِس بات کو پہلے ہی بیان کر چکا ہے کہ وہ تبدیلی کے پہاڑ پر یسوع کے ساتھ تھا (2۔پطرس 16:1-21) جہاں اُس نے خداوند کے جلال کی گواہی دی ۔ یہی تجربہ پطرس کے لئے خداوند کے وعدوں پر یقین کی بنیاد بنتا ہے۔
2۔پطرس 3:3-7 میں پطرس رسول اپنے سامعین کو خبردار کرتے ہوئے کہتا ہے:
” اور یہ پہلے جان لو کہ اِخیر دِنوں میں اَیسے ہنسی ٹھٹھّا کرنے والے آئیں گے جو اپنی خواہِشوں کے مُوافِق چلیں گے۔ اور کہیں گے کہ اُس کے آنے کا وعدہ کہاں گیا؟ کیوں کہ جب سے باپ دادا سوئے ہیں اُس وقت سے اَب تک سب کچھ ویسا ہی ہے جَیسا خلقت کے شروع سے تھا۔ وہ تو جان بُوجھ کر یہ بھُول گئے کہ خُدا کے کلام کے ذریعہ سے آسمان قدیِم سے موجُود ہیں اور زمِین پانی سے بنی اور پانی میں قائِم ہے۔ اِنہی کے ذریعہ سے اُس زمانہ کی دُنیا ڈُوب کر ہلاک ہُوئی۔ مگر اِس وقت کے آسمان اور زمِین اُسی کلام کے ذریعہ سے اِس لِئے رکھّے ہیں کہ جلائے جائیں اور وہ بے دِین آدمِیوں کی عدالت اور ہلاکت کے دِن تک محفُوظ رہیں گے “۔
پطرس خبردار کرتا ہے کہ ” ۔ مگر اِس وقت کے آسمان اور زمِین اُسی کلام کے ذریعہ سے اِس لِئے رکھّے ہیں کہ جلائے جائیں اور وہ بے دِین آدمِیوں کی عدالت اور ہلاکت کے دِن تک محفُوظ رہیں گے “۔
اِبتدائی کلیسیا میں بھی مسیح کی آمدِثانی کے بارے میں عام ابہام پائے جاتے تھے )جیسا کہ پولس کے تھسلنیکیوں کے خطوط میں دیکھا جا سکتا ہے( اور آج بھی یہی صورتِ حال ہے۔ بائبل کی پیشین گوئیوں کے بعض مبصرین نے یسوع مسیح کی دُوسری آمد کے بارے میں اِس قدر غیر ذِمے دارانہ اور بے بنیاد پیش گوئیاں کی ہیں کہ غیر مسیحی اب بائبل کی اِس تعلیم پر توجہ نہیں دیتے کہ یسوع مردوں کو زندہ کرنے، دُنیا کی عدالت کرنے اور سب چیزوں کو نیا بنانے کے لئے دوبارہ آئے گا۔
اپنے سننے والوں کو تسلی دینے کے لیے، پطرس اُنہیں یاد دِلاتا ہے:
” خُداوند اپنے وعدہ میں دیر نہِیں کرتا جَیسی دیر بعض لوگ سَمَجھتے ہیں بلکہ تمہارے بارے میں تحمل کرتا ہے اِس لِئے کہ کِسی کی ہلاکت نہِیں چاہتا بلکہ یہ چاہتا ہے کہ سب کی توبہ تک نوبت پہُنچے۔ لیکن خداوند کا دِن چور کی طرح آئے گا۔ اُس دِن آسمان بڑے شور و غُل کے ساتھ برباد ہو جائیں گے اور اجرامِ فلک حرارت کی شِدّت سے پِگھل جائیں گے اور زمین اور اُس پر کے کام جل جائیں گے “(2۔پطرس 9:3-10)۔ پس پطرس رسول فرماتے ہیں کہ ٹھٹھا کرنے والے خبردار ہو جائیں ، جبکہ خدا کے لوگ اُس جلال کی اُمید میں ثابت قدم رہیں جو ابھی آنا باقی ہے،کیوں کہ ” لیکِن اُس کے وعدہ کے مُوافِق ہم نئے آسمان اور نئی زمِین کا اِنتظار کرتے ہیں جِن میں راست بازی بسی رہے گی “ (2۔پطرس 13:3)۔
یہ مضمون کتاب مقدس کی ہر کتاب میں سے جاننے کے لئے تین اہم نکات کا مجموعہ ہے۔
یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔


