پانچ چیزیں جو آپ کو داؤد کے بارے میں جاننی چاہئیں
20/06/2024
پانچ چیزیں جو آپ کو مارٹن لوتھر کے بارے میں جاننی چاہئیں
25/06/2024
پانچ چیزیں جو آپ کو داؤد کے بارے میں جاننی چاہئیں
20/06/2024
پانچ چیزیں جو آپ کو مارٹن لوتھر کے بارے میں جاننی چاہئیں
25/06/2024

پانچ چیزیں جو آپ کو تقدیس  کے بارے میں جاننی چاہئیں

اگر آپ تقدیس کےمتعلق بائبلی نظریے کی ایک مختصر اصطلاح تلاش کر رہے ہیں، تو آپ کو یہ ویسٹ منسٹرمختصر کیٹیکزم میں بیان کی گئی اصطلاح سے  بہتر کہیں اَور نہیں مل سکتی ۔ سوال نمبر ۳۵ کے جواب میں ویسٹ منسٹر  کے ماہرِ علمِ الٰہی لکھتے ہیں ’’ تقدیس خدا کے مفت فضل کا وہ کام ہے جس سے ہم اپنی تمام سرشت میں خدا کی صورت پر نئے بنتے جاتے ہیں۔ اور بتدریج گناہ کی نسبت مرنے اور راست بازی کی نسبت جینے کی قوت پاتے ہیں۔‘‘ اگرچہ یہ تقدیس کی درجہ بدرجہ ماہیت کی ایک درست اصطلاح ہے، لیکن بائبل مقدس تقدیس کے  کئی دیگر اہم پہلوؤں کو بیان کرتی ہے جو ہمارے لئے مخلصی کے اِس فوائد کی مکمل تفہیم حاصل کرنے کے لئے ضروری ہیں۔ درج ذیل پانچ چیزوں پر غور کریں:

۱۔مسیح تقدیس کا منبع ہے۔

اِیمان داروں کو مسیح کے ساتھ اُن کے اتحاد کی وجہ سے مقدس کِیا جاتا ہے۔ مسیح تقدیس کا واحد ذریعہ ہے، یہاں تک کہ  وہ اپنے لوگوں کو وہ سب کچھ فراہم کرتا ہے جو اُن کی روحانی ترقی کے لئے ضروری ہوتا ہے، کیوں کہ مسیح اِیمان کے ذریعے سے اُن میں سکونت کرتا ہے۔ جیسا کہ پولُس رسول نے لکھا کہ ’’ تم اُس کی طرف سے مسیح یسوع میں ہو جو ہمارے لئے خدا کی طرف سے حکمت ٹھہرا یعنی راست بازی اور پاکیزگی اور مخلصی‘‘ (۱-کرنتھیوں ۱: ۳۰)۔ اپنے لوگوں کے لئے تقدیس کا ذریعہ بننے کے لئے، یسوع مخلصی کے  کام میں خود کو مقدس کرتا ہے ( یوحنا ۱۷: ۱۹)۔  اگرچہ ، وہ گناہ سے واقف نہ تھا ( ۲-کرنتھیوں ۵: ۲۱)،  اُس نے خدا کی شریعت کے ساتھ ساتھ خدا کےمصالحانہ احکام پر کامِل فرماں برداری کرتے ہوئے اپنے لوگوں کے لئے خود کو مخصوص کر دِیا(یوحنا ۱۰: ۱۷- ۱۸)۔  گیرہارڈس واس نے وضاحت کی، ’’مسیح کو  نجات دہندہ میں تبدیلی کے طور پر نہیں سمجھا جانا چاہئے، کیوں کہ یہ تقدیس پاکیزگی کی سابقہ کمی کو ظاہر کرتی ہے،  اِس لئے خدا کی مصالحانہ فرماں برداری  (متحمل  اور عملی) میں اُس کی زِندگی کو تخصیصی سمجھنا چاہئے۔ اُس کی فرماں بردار زِندگی کے علاوہ، مسیح کو  ہمارے لئے مقدس کیا گیا جب اُسے صلیب پر قربان کیا گیا تھا ۔  چونکہ اِیمان داروں کے گناہوں کو مسیح سے محسوب کیا گیا  ہے، اِس لئے  اُس نے اِن گناہوں کو صلیب پر اپنے اُوپر اُٹھا لیا، لہٰذا جب وہ خدا کے شدید غضب کی زد میں آیا تو سب گناہ گاروں کے گناہ  دھو دئیے گئے۔

۲۔ نئی پیدائش ، تقدیس  کا چشمہ ہے۔

چونکہ راست بازی، مخلصی کا ایک قانونی فائدہ ہے (یعنی، ہمیشہ کے لئے ایک عمل)، اِس لئے تقدیس زیادہ مناسب طریقے سے نئی پیدائش کی تبدیلی کی نعمت سے جاری ہوتی ہے۔ اِیمان داروں کی زِندگیوں میں اُن کے مسیحی تجربے کے آغاز میں ایک نئی فطرت (یعنی نئی پیدائش) کا اجراء،  تقدیس کا عمل شروع کرتا ہے۔ جیسا کہ ویسٹ منسٹراقرارالایمان میں بیان کیا گیا ہے، ’’وہ جو موثر طور پر بلائے  گئے۔۔۔ اُن کی اپنے اندر نئے دِل اور نئی روح کے وجود سے مزید تقدیس ہوتی ہے۔۔۔ (اور)  مسیح کے تقدیسی روح کی قوت کی مسلسل دستیابی سے نئی سرشت اس پر غالب آتی ہے : اور یوں اِیمان دار فضل میں نشوونما پاتے ہیں اور خدا کے خوف میں کمالِ قدوسیت کی جانب بڑھتے جاتے ہیں (ویسٹ منسٹر اقرارالایمان ۱۳: ۱، ۳ جُز)۔

۳۔تقدیس کا ایک حتمی پہلو ہے۔

فلدلفیہ کے ویسٹ منسٹر تھیولوجیکل سیمنری میں سسٹمیٹک تھیولوجی کے مرحوم پروفیسر، جان مرے (John Murray)نے حتمی تقدیس اور بتدریج تقدیس کے درمیان درُست امتیاز کِیا ہے۔ نئے عہد نامے کے اُن اقتباسات کے بارے میں جو اِیمان داروں کی تقدیس کے متعلق  بات کرتے ہیں (مثال کے طور پر، ا-کرنتھیوں ۱: ۲؛ ۶: ۱۱؛ عبرانیوں ۱۰: ۱۰)، مرے نے لکھا کہ : ’’نئے عہد نامے میں تقدیس کے حوالے سے استعمال ہونے والی سب سے خاص اصطلاحات کسی عمل کے لئے نہیں، بلکہ ایک ہی دفعہ  ایک حتمی عمل کے طور پر استعمال  ہوتی ہیں۔۔۔  لہٰذا صرف ایک بتدریج کام کے لحاظ سے تقدیس کے بارے میں سوچنا ،بائبلی زُبان کے نمونوں سے  انحراف  ہو گا ۔‘‘

حتمی تقدیس میں اِیمان داروں کی زِندگی میں گناہ کی طاقت کے ساتھ ایک بنیادی  رخنہ شامل ہے۔ گناہ کی طاقت کے ساتھ یہ رخنہ اُس وقت ہوا، جب یسوع صلیب پرگناہ کے اعتبار سے مؤا تھا (رومیوں ۶: ۱۰)۔ جیسا کہ مرے نے وضاحت کی:

مسیح نے اپنی موت اور قیامت میں گناہ کی طاقت کو توڑ دِیا، اِس دُنیا کے خدا، تاریکی کے  حاکم  پر فتح حاصل کی، دُنیا اور اُس کے حکمران کی عدالت کی، اور مسیح نے اِس فتح کے ذریعے سے اُن تمام لوگوں کو جو اُس کے ساتھ متحد تھے، تاریکی کی طاقت سے نجات دِلائی اور اُنہیں اپنی بادشاہی میں شامل کِیا۔ مسیح اور اُس کے لوگوں کے درمیان اتحاد اِس قدر گہرا ہے کہ وہ اِن تمام فاتحانہ کامیابیوں میں اُس کے ساتھ شریک ہیں اِس لئے وہ  گناہ کے اعتبار سے مر گئے،  اورمسیح کے ساتھ اُس کی قیامت کی قوت میں جی اُٹھےہیں۔

جب ایک اِیمان دار وقت پر مسیح کے ساتھ نجات بخش اتحاد رکھتا ہے، تو مخلصی کے کام کا یہ پہلو اُس کے مسیحی تجربے میں محسوس کیا جاتا ہے

۴۔ اِیمان اور محبت تقدیس کے دوہرے وسیلے ہیں۔

اِیمان داروں کی راست بازی (یعنی خدا کے سامنے راست باز تسلیم کِیا جانا ) صرف ایمان کے ذریعے سے ہے، لیکن ایمان داروں کی زندگیوں  میں تقدیس کا عمل ’’اِیمان ، محبت کی راہ سے اثر کرتا ہے‘‘ (گلتیوں ۵: ۶)۔ ایمان دار مسیح میں اِسی ایمان سے مقدس ہوتے ہیں جس کے ذریعے سے وہ راست بازٹھہرائے گئے تھے۔ تاہم، اِیمان داروں کے تجربے میں، اِیمان فضل میں ترقی  کے لئے محبت کے ساتھ فعال طور پر مل کر کام کرتا ہے۔ خدا اپنے لوگوں کی زندگیوں میں جو کچھ کر رہا ہے اور اِس کے جواب میں اُنہیں جو کرنے کے لئے بلاتا ہے، اِس کے درمیان ایک ہم آہنگی ہے۔ پولُس رسول اِن مشترکہ کارروائیوں پر اُس وقت غور کرتا ہے جب وہ لکھتا ہے کہ، ’’ڈرتے اور کانپتے ہوئے اپنی نجات کا کام کئے جاؤ، کیوں کہ جو تم میں نیت اور عمل دونوں کو اپنے نیک اِرادہ کو انجام دینے کے لئے پیدا کرتا ہے وہ خدا ہے‘‘  (فلپیوں ۲: ۱۲- ۱۳)۔ 

۵۔  خدا نے اِیمان داروں کو بتدریج تقدیس میں آگے بڑھنے میں مدد دینے کے لئے بعض وسائل مقرر کئے ہیں۔ 

اگرچہ، تقدیس اِس بات پر مبنی ہے جس کی تکمیل مسیح نے اپنی موت اور قیامت میں کی اور اِس تقدیس کا تجربہ،  روح القدس کی قوت سے اِیمان داروں کی زندگیوں میں کِیا جاتا ہے،اور اِس لئے  خدا نے فضل میں ترقی کے حصول میں اِیمان داروں کی مددکے لئے بعض وسائل مقرر کئے ہیں۔ اِیمان دار کی بتدریج تقدیس ،اُس کے فضل کے وسائل کے استعمال کے مطابق ہوگی۔وہ  مرکزی وسائل جو خدا نے اپنے لوگوں کی تقدیس کے لئے مقرر کئے ہیں، اُن میں کلامِ پاک، کلیسیائی رسومات اور دُعا  شامل ہے۔  یسوع نے اپنی اعلیٰ کہانتی دُعا  میں کہا کہ ’’انہیں سچائی کے وسیلے سے مقدس کر، تیرا کلام سچائی ہے‘‘ (یوحنا ۱۷: ۱۷)۔ پولُس رسول نےعشایِ ربانی کے فضل کا حوالہ دِیا جب اُس نے ’’ برکت کے پیالہ‘‘ کے بارے میں بات کی (۱-کرنتھیوں ۱۰: ۱۶)۔ کلام کی خدمت، کلیسیائی پاک رسومات، دُعا  اوراجتماعی عبادت کے مرکزی عناصر ہیں۔ لہٰذا،  مقدسین کے ساتھ خداوند کے دِن کی عبادت میں جمع ہونا ہماری بتدریج تقدیس کے لئے بہت ضروری ہے۔

یہ مضمون بائبل کی ہر کتاب کا حصہ اورپانچ چیزیں جاننے کے مجموعے  سے ہے۔

یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔