تین  چیزیں جو آپ کو احبار کی کتاب  کے بارے میں جاننی چاہئیں
01/08/2024
تین  چیزیں جو آپ کو گِنتی کی کتاب  کے بارے میں جاننی چاہئیں
06/08/2024
تین  چیزیں جو آپ کو احبار کی کتاب  کے بارے میں جاننی چاہئیں
01/08/2024
تین  چیزیں جو آپ کو گِنتی کی کتاب  کے بارے میں جاننی چاہئیں
06/08/2024

پانچ چیزیں جو آپ کو  فرزندیت(تبنی) کے بارے میں جاننی چاہئیں

یسوع  مسیح پر اِیمان لانے والے بنیادی فوائد جو اِیمان داروں کو حاصل ہوتے ہیں  اُن میں  ”فرزندیت “کو شاید سب سے زیادہ نظر انداز کیا جاتا ہے۔ نجات کو بہت زیادہ زیرِ بحث لایا جاتااور  تقدیس بطورِ اِیمان دار ہماری روززمرہ زندگی کا حصہ ہے،  تاہم فرزندیت بھی اِسی طرح اہمیت کی حامل ہے،  اِس کی تفہیم  اور اِس کی بیش قیمت صداقتوں میں سکونت کرنا اِیمان  داروں کی زندگیوں کو پھل دار بنا سکتا  ہے۔  زیرِ نظر تحریر میں فرزندیت کے متعلق  پانچ ایسی چیزیں بیان کی گئی ہیں جو آپ کو جاننی چاہئیں۔ 


1۔فرزندیت  مسیح کے ساتھ  رفاقت کے فوائد میں سے ایک ہے

نجات اور تقدیس کی طرح ، فرزندیت کا عمل  اِیمان داروں  کو صرف اِیمان کے ذریعے، یسوع مسیح کے ساتھ پاکیزہ رفاقت سے  حاصل ہوتا ہے۔ ویسٹ منسٹر  تفصیلی کیٹی کیزم بیان کرتا ہے: 

’’فرزندیت یالے پالک ہوناخُدا کے مفت فضل کا ایک فعل ہے جس سے وہ سب جو راستباز ٹھہرائے جاتے ہیں، خُدا کے اکلوتے بیٹے یسوع مسیح کے لئے اُس کے فرزندوں کے ساتھ شمار کیے جاتے ہیں ا ُس کا نام اُن پر لکھا جاتااور اُسکے بیٹے کا روح اُن کو دیا جاتاہے۔ وہ اُس کی پدرانہ شفقت اور داد رسی کے زیر ِ نگرانی آ جاتے ہیں۔ خُدا کے فرزندوں کی آزادی اور سارے حقوق کے مستحق ہو جاتے ، وعدوں کے وارث اور مسیح کے جلال میں ہم میراث بھی بن جاتے ہیں‘‘(سوال و جواب  ۷۴) ۔فرزندیت بیک وقت،   مسیح یسوع کے کام سے جاری ہونے والا وہ عمل ہے جو ہمیں خدا کے خاندان میں شامل کرتاہے، اُن تمام اِختیارات کے ساتھ جو ہمیں نئے رُتبوں پر  فائز کرتے ہیں(یوحنا 12:1)۔


2۔ فرزندیت کے معنی خدا کے خاندا  ن کا رکن بننا ہے

 اپنی فطری حالت میں، ہم خدا کے خاندان سے الگ ہو گئے ہیں۔ ہم ابلیس اور گناہ کے غلام ہیں (یوحنا  44:8؛ اِفسیوں 1:2-3)۔ لیکن  فرزندیت میں، ہمیں خدا کے خاندان میں شامل کیا جاتا اور اُس کے فرزندوں میں شمار کیا جاتا ہے۔  مقدس پولُس رسول نے  اِس جلالی تبدیلی کے بارے میں لکھا  کہ” پَس اَب تُم پردیسی اور مُسافِر نہِیں رہے بلکہ مُقدّسوں کے ہم وطن اور خُدا کے گھرانے کے ہوگئے“(اِفسیوں 19:2)۔


3۔فرزندیت کا مطلب ہے کہ خدا ہمارا باپ ہے

اُنیسویں صدی کے اواخر میں معروف لبرل ماہرِ اِلہٰیات ” Adolf von Harnack اڈولف وان ہارنیک“ نے مسیحیت  کے جوہر کو دو سچائیوں میں تقسیم کیا: اِنسان کا عالم گیر بھائی چارہ اور  خدا کا عالم گیر باپ ہونا۔ اگرچہ خدا   تمام  لوگوں کا خالق ہے،   لیکن وہ سب کےساتھ باپ کا رِشتہ استوار نہیں کرتا۔ خدا کو  بحیثیت باپ حاصل کرنا اور اُس کا بیٹا بننا  اُن لوگوں تک محدود ہے جو  اُس کے خاندان میں لے پالک  کے طور پر قبول کئے گئے ہیں (یوحنا 12:1)۔اِسی لیے  مقدس یوحنا رسول کہتا ہے کہ ” دیکھو باپ نے ہم سے کَیسی محبّت کی ہے کہ ہم خُدا کے فرزند کہلائے اور ہم ہیں بھی۔ دُنیا ہمیں اِس لِئے نہِیں جانتی کہ اُس نے اُسے بھی نہِیں جانا“(1۔ یوحنا 1:3)۔  یہی وجہ ہے  کہ یسوع کو فریسیوں کے سامنے خدا کو اپنا باپ کہنے سے رسوائی اور ذلت کا سامنا کرنا پڑا(یوحنا 18:5)۔ اور کیوں یسوع نے اپنے شاگردوں کو  خدا سے    بحیثیت اپنا باپ دُعا کرنا سکھایا (متی 9:6)۔ 


4۔فرزندیت کا مطلب ہے  کہ ہمیں خدا تک رسائی حاصل ہے

رومن کیتھولک کے علم اِلہٰیات کا سب سے بڑا اَلمیہ یہ ہے کہ اُس کا اِنحصار    رومن کیتھولک مقدسوں پر ہے۔ رومن کیتھولک کو سکھایا جاتا ہے  کہ  خدا اُن کی دُعاؤں کو سننے کے بارے میں بہت مصروف ہے،اِس لیے اُنہیں مقدسوں ، بالخصوص کنواری مریم سے، اُن کی طرف سے شفاعت کرنے کے لیے درخواست کرنی چاہیے۔یہ ایک خطرناک تعلیم ہے۔ حقیقی اِیمان داروں کو  اُس سے[مریم ] شفاعت کی درخواست کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، کیوں کہ وہ  ایک درمیانی یعنی یسوع مسیح  کے وسیلے خود خدا تک رسائی رکھتے ہیں (یوحنا 13:14-14؛1۔تیمتھیس 5:2)۔ پولس لکھتا ہے ”  کیوں کہ    اُس کے وسِیلہ سے ہم دونوں کی ایک ہی رُوح میں باپ کے پاس رسائی ہوتی ہے “(اِفسیوں 18:2؛ رومیوں 2:5)۔ 


5۔ فرزندیت کا مطلب  کہ بطور بیٹا ہمیں خدا تک رسائی حاصل ہے

      یسوع مسیح جوہری لحاظ سے خدا کا بیٹا ہے، لیکن ہم  لے پالک ہونے کے اعتبار سے خدا کے بیٹے ہیں۔ یہ رتبہ  اپنے ساتھ  بہت سے حقوق اور فوائد کو لاتا ہے  جن سے ہم اپنے بڑے بھائی [مسیح]کے ساتھ لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔   اِن حقوق اور فوائد میں رُوح کی نعمتیں، خدا کے نام کی بخشش، شریعت کی غلامی سے آزادی، مسیح کے دُکھوں میں جلال میں شریک ہونا ، اور خاص طور پر  ایک ایسی میراث شامل ہے  جو صرف اُن کے لیے  رکھی ہے جو مسیح میں  بچائے گئے ہیں۔  پولس رسول کھتا ہے ” اِس لِئے کہ جِتنے خُدا کے رُوح کی ہِدایت سے چلتے ہیں وُہی خُدا کے بیٹے ہیں۔
کیوں کہ تُم کو غُلامی کی رُوح نہِیں ملِی جِس سے پھِر ڈر پَیدا ہو بلکہ لے پالک ہونے کی رُوح مِلی جِس سے ہم ابّا یعنی اَے باپ کہہ کر پُکارتے ہیں۔ رُوح خُود ہماری رُوح کے ساتھ مِل کر گواہی دیتا ہے کہ ہم خُدا کے فرزند ہیں۔ اور اگر فرزند ہیں تو وارِث بھی ہیں یعنی خُدا کے وارِث اور مسیح کے ہم مِیراث بشرطیکہ ہم اُس کے ساتھ دُکھ اُٹھائیں تاکہ اُس کے جلال بھی پائیں“(رومیوں 14:8-17؛ مزید دیکھیے! اِفسیوں 11:1-14)۔ 

دُعا ہے کہ ہم اُس اِطمینان اور یقین   میں زندگی بسر کریں جو اِس اِدراک کے ساتھ  آتا ہے کہ ہمارے آسمانی باپ نے ہمیں   محبت سے لے پالک فرزند ٹھہرایا ہے ۔  

یہ مضمون بائبل کی ہر کتاب کا حصہ اورپانچ چیزیں جاننے کے مجموعے  سے ہے۔

یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔