شریعت پرستی میں مبتلا ہوئے بغیر پاکیزگی کی جستجو کیسے کریں؟
19/11/2026
شریعت پرستی میں مبتلا ہوئے بغیر پاکیزگی کی جستجو کیسے کریں؟
19/11/2026

عقیدۂ توحید کیا ہے؟

اِنسان اپنی فطرت میں مذہبی مخلوق ہے۔ دُنیا بھر میں لوگ بڑے عالمی مذاہب میں سے کسی ایک کی پیروی کرتے ہیں، یا اُن بے شمار فرقوں سے وابستہ ہیں جو اِن مذاہب سے مسلسل جنم لیتے اور پھیلتے رہتے ہیں، یا پھر ایسے مذہبی نظاموں کے ماننے والے ہیں جو ابھی تک باقاعدہ طور پر قلم بند بھی نہیں کئے گئے۔ ہر مذہب کسی نہ کسی صورت میں اُس ہستی یا حقیقت کے ساتھ مصالحت اور تعلق پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے جسے ہم ’’حتمی حقیقت‘‘ کہہ سکتے ہیں، یعنی وہ سرچشمہ جس سے ہر موجود شَے نے وجود پایا ہے۔ اِس حتمی حقیقت کو بعض مذاہب میں غیر شخصی تصوُّر کیا جاتا ہے، جیسا کہ کئی مشرقی مذاہب میں پایا جاتا ہے، جبکہ بعض مذاہب میں اُسے شخصی مانا جاتا ہے، جیسا کہ اُن مذاہب میں جو ایک ذاتی خدا یا متعدد ذاتی معبودوں کی پرستش کرتے ہیں۔

اُن مذاہب میں سے جو حتمی حقیقت کو ایک ذاتی ہستی مان کر اُس کی پرستش کرتے ہیں، اُنہیں عقیدۂ توحید، ہینوتھی اِزم یا عقیدۂ  کثرت پرستی کی تائید کرنے والے مذاہب کے طور پر تقسیم کیا جا سکتا ہے۔

خدا پرستی کی مختلف اَقسام

عقیدۂ  توحیدکو سمجھنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم نہ صرف اِس کی تعریف سے واقف ہوں بلکہ خدا پرستی کی دُوسری اَقسام کی تعریف کو بھی جانیں۔ اِصطلاح ’’ عقیدۂ  توحید ‘‘ یونانی اَلفاظ’’مونوس‘‘ (monos) ’’ایک، یکتا، واحد‘‘اور’’تھیوس‘‘(theos)’’خدا‘‘سے ماخوذ ہے،اور اِس سے مُراد یہ عقیدہ ہے کہ صرف ایک ہی سچا خدا موجود ہے اور صرف اُسی کی پرستش کی جانی چاہئے۔ عقیدۂ  توحید پر مبنی مذاہب میں سب سے زیادہ معروف وہ مذاہب ہیں جنہیں عموماً اِبراہیمی مذاہب کہا جاتا ہے، یعنی مسیحیت، یہودیت اور اِسلام۔

اِصطلاح ’’عقیدۂ کثرت پرستی‘‘ یونانی اَلفاظ’’پولز‘‘  (polys)’’بہت سے‘‘اور  ’’تھیوس‘‘(theos)’’خدا‘‘سے ماخوذ ہے۔چناں چہ عقیدۂ کثرت پرستی کا قائل وہ مذہب ہے جو ایک سے زیادہ خداؤں کی پرستش کرتا ہے۔بہت سے لوگ قدِیم یونان اور روم کے اُن کثرت پرست مذاہب سے واقف ہیں جن میں زیوس، ایتھینا اور مارس سمیت متعدد معبودوں کی پرستش کی جاتی تھی۔آج بھی عقیدۂ کثرت پرستی ہندوُمت کی بعض شاخوں اور چرچ آف جیزز کرائسٹ آف لیٹر ڈے سینٹس، جسے” مورمن اِزم“ بھی کہا جاتا ہے، میں پایا جاتا ہے۔ تاہم عملی طور پر کثرت پرست مذاہب اکثر اِس مقام پر پہنچ جاتے ہیں کہ اگرچہ وہ بہت سے خداؤں کے وجود کو تسلیم کرتے ہیں، لیکن عبادت اور عقیدت کا مرکز ایک خاص خدا کو بنا لیتے ہیں۔

ہینوتھی اِزم کا ماننے والا ایک بلند و برتر خدا کی پرستش کرتا ہے، مگر دُوسرے کم تر خداؤں کے وجود کا اِنکار بھی نہیں کرتا۔ یہ اِصطلاح یونانی اَلفاظ  ’’ہین‘‘(hen)’’ایک‘‘اور  ’’تھیوس‘‘(theos)’’خدا‘‘ سے ماخوذ ہے۔کثرت پرست مذاہب اکثر اُس وقت ہینوتھی اِزم کی صورت اِختیار کر لیتے ہیں جب وہ اپنے خداؤں میں سے کسی ایک کو باقی سب پر فوقیت دیتے  اور اُسے خاص اہمیت کا حامل قرار دیتے ہیں۔مثال کے طور پر بعض ہندو دُوسرے خداؤں کی نسبت برہما، شِوا یا وِشنو کے ساتھ خصوصی وابستگی رکھتے ہیں اور اُسی کی پرستش پر زیادہ زور دیتے ہیں۔

عقیدۂ توحید کی مختلف اَقسام

اگرچہ عقیدۂ توحید کے تمام ماننے والے اِس بات پر اِیمان رکھتے ہیں کہ صرف ایک ہی سچا خدا ہے، تاہم وہ سب اِس بات پر متفق نہیں کہ یہ ایک خدا کس طرح وجود رکھتا ہے اور وہ کون ہے۔ بنیادی طور پر عقیدۂ توحید کی دو اَقسام ہیں: عقیدۂ واحدانیت، عقیدۂ تثلیث فی التوحید۔ 

عقیدۂ واحدانیت اِس بات کی توثیق کرتا ہے کہ ایک ہی ذاتِ اِلٰہی ہے، یعنی وہ جو خدا کو خدا بناتی ہے، اور اُس ذاتِ اِلٰہی میں ایک ہی شخصی وجود قائم ہے۔ یہودِیت اور اِسلام ایسے مذاہب کی مثالیں ہیں جو عقیدۂ واحدانیت کی توثیق کرتے ہیں۔ اِن میں سے ہر مذہب کے مطابق خدا ایک واحد شخصی وجود ہے جو سب چیزوں سے پہلے تنہا موجود تھا۔ تخلیق سے پہلے اُس کا کسی کے ساتھ کوئی تعلق نہ تھا، کیوں کہ اُس وقت اُس کے سِوا کوئی اَور موجود ہی نہ تھا جس کے ساتھ وہ تعلق قائم کرتا۔ اِس لئے محبت اور رفاقت کے تعلق میں دُوسرے اَشخاص کے ساتھ ہونا خدا کی ذات کا بنیادی وصف نہیں سمجھا جاتا۔ نتیجتاً اِسلام جیسے مذاہب درحقیقت یہ تعلیم نہیں دیتے کہ اِنسان خدا کے ساتھ شخصی تعلق قائم کر سکتا ہے۔ اُن کے مطابق خدا کو اکثر اِس قدر ماورا تصوُّر کیا جاتا ہے کہ وہ کبھی بھی اپنی مخلوق کے قریب کسی حقیقی اَور بامعنی صورت میں نہیں آتا۔

اِس کے برعکس، عقیدۂ تثلیث فی التوحید یہ تعلیم دیتا ہے کہ ذاتِ اِلٰہی تو صرف ایک ہی ہے، لیکن اِس ایک ذاتِ اِلٰہی میں اَزل سے تین  اِلٰہی اَقانیم   موجود  ہیں۔ توحید کی یہ صورت حقیقی مسیحیت کے ساتھ مخصوص ہے، جو اِقرار کرتی ہے کہ باپ، بیٹا اور رُوح القدس تین اَقانیم میں ایک ہی خدا  ہے۔ چونکہ یہ تینوں اَقانیم  ایک ہی سچے خدا ہیں، اِس لئے ہر اَقنوم کامل طور پر ذاتِ اِلٰہی میں شریک ہے۔ ایسا نہیں کہ ہر شخصی وجود خدا کا ایک تہائی حصہ ہو اور تینوں کو جمع کرنے سے ایک خدا وجود میں آتا ہو،  بلکہ ہر اَقنوم حقیقی اور کامل طور پر خدا ہے اور ہر اَقنوم اپنی تمام صفات میں دُوسرے اَقانیم کے عین مطابق ہے۔ چناں چہ باپ کی قدرت بعینہٖ بیٹے کی قدرت ہے، اور بیٹے کی قدرت بعینہٖ رُوح القدس کی قدرت ہے۔ اِسی طرح باپ کا علم عین بیٹے کا علم ہے اور بیٹے کا علم عین رُوح القدس کا علم ہے۔ یہی بات تمام اِلٰہی صفات کے بارے میں بھی صادِق آتی ہے۔

اگرچہ ایک ہی خدا کے تینوں اَقانیم ذات کے اِعتبار سے ایک ہیں، تاہم وہ اُن اوصاف کے اِعتبار سے ایک دُوسرے سے ممتاز ہیں جنہیں اُن کی شخصی خصوصیات یا تعلقاتِ اصل کہا جاتا ہے، اور یہی وہ واحد  پہلو ہے جس میں اُن کے درمیان اِمتیاز پایا جاتا ہے۔ باپ اَزل سے غیر مولود ہے، بیٹا اَزل سے باپ سے مولود ہے، اور رُوح القدس اَزل سے باپ اور بیٹے سے صادِر ہوتا ہے۔ یہ خصوصیات اقانیم کو ایک دُوسرے سے ممتاز تو کرتی ہیں، لیکن ذاتِ اِلٰہی کو تقسیم نہیں کرتیں۔ چناں چہ خدا اَزل سے ایک ذات میں تین اَقانیم کے طور پر موجود ہے، اور باپ، بیٹا اور رُوح القدس اَزل ہی سے ایک دُوسرے سے محبت رکھتے آئے ہیں۔خدا اپنی تمام مخلوقات سے بلند و برتر ہے، اِس لئے وہ ہم سے بہت مختلف ہے، لیکن اپنی فطرت کے اِعتبار سے وہ تعلق رکھنے والا بھی ہے اور اُس نے اپنی آزاد مرضی سے ہمارے نزدیک آنے کا اِنتخاب کیا۔ وہ ہمارے سب سے زیادہ قریب اُس وقت آیا جب باپ نے رُوح القدس کی قدرت سے اپنے اِکلوتے بیٹے کو بھیجا تاکہ وہ اِنسانی فطرت اِختیار کرے۔ یہ بیٹا خداوند یسوع مسیح ہے، جو ایک ہی ذات میں حقیقی خدا اور حقیقی اِنسان ہے۔

حاصلِ کلام

عقیدۂ توحید اِس بات کی توثیق کرتا ہے کہ صرف ایک ہی سچا خدا ہے، لیکن مختلف توحیدی مذاہب اِس ایک سچے خدا کے بارے میں مختلف تفہیم رکھتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ واحد سچا خدا درحقیقت تثلیثِ اَقدّس ہے۔ سچا خدا ذات کے اِعتبار سے ایک اور اَقانیم کے اِعتبار سے تین ہے، یعنی باپ، بیٹا اور رُوح القدس۔ مسیحیوں کو اِس ایک خدا ئے ثالوث کے نام میں بپتسمہ دیا جاتا ہے تاکہ وہ ہمیشہ اُس کا جلال ظاہر کریں اور اُس میں مسرور رہیں (متی18:28-20)۔ 

یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔