نااُمیدی سے لڑنا
24/05/2024خود فراموش بنیں
25/05/2024دِیدنی کلیسیا میں خدمت
کلیسیا پر غور کرتے وقت ایک کار آمد الہٰیاتی امتیاز اُس کی دیدنی اور نادیدنی ماہیت ہے۔ اِس کا مقصد صرف یہ ہے کہ کلیسیا کو دو مختلف نقطہ نظرسے دیکھا جا سکتا ہے: خدا کِس نقطہ ءنظر سے کلیسیا کو دیکھتا ہے اور ہم کِس نقطہ ءنظر سے دیکھتے ہیں۔ خدا کے نقطہ ءنظر سے کلیسیا بر گزیدہ لوگوں کے مترادف ہے، اور کلیسیا مکمل طور پر اُن لوگوں سے مل کر بنی ہے، جن کو یسوع مسیح کے ذریعے سے مخلصی ملی ہے، جنہیں خدا کے پاک روح سے دوبارہ خلق کیا گیا ہے، اور جو اُس کے ساتھ زندہ شراکت رکھتے ہیں۔’’خدا کی کلیسیا۔۔۔ جسے اُس نے خاص اپنے خون سے مول لِیا‘‘ (اعمال ۲۰ باب ۲۸ آیت)۔ لیکن، چوں کہ ہم چرچ میں اپنی نشست کے ساتھ بیٹھے ہوئے دوسرےشخص کے دِل کو نہیں دیکھ سکتے ہیں، اِس لئے ہم یہ فیصلہ نہیں کر سکتے کہ آیا وہ اِس نادیدنی حقیقت کا رُکن ہے۔ ہمارے نقطہ نظر سے ’’دیدنی کلیسیا۔۔۔ جس میں پوری دُنیا حقیقی مذہب کو ماننے والے اور اُن کی اولاد شامل ہے‘‘ (ویسٹ منسٹر اقرارالایمان :باب۲۵جُز ۲)۔ لیکن یسوع مسیح خبردار کرتا ہے کہ ’’جو مجھ سے اَے خداوند، اَے خداوند کہتے ہیں اُن میں سے ہر ایک آسمان کی بادشاہی میں داخل نہ ہو گا۔۔۔ ‘‘ ( متی ۷باب ۲۱ آیت)۔ دوسرے لفظوں میں جو کچھ ہم دیکھتے یا سُنتے ہیں وہ ہمیشہ حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتا ہے۔
کلیسیا کا یہ دیدنی اور نادیدنی فرق بہت اہم ہے ،کیوں کہ یہ بائبلی ہے۔ یہوداہ کا تعلق بارہ شاگردوں سے تھا، حننیاہ اور سفیرہ یروشلیم کی کلیسیا کے رُکن تھے اور تینوں کا تعلق اسرائیل قوم سے تھا۔ پولُس رسول بیان کرتا ہے کہ ’’۔۔۔ جو اسرائیل کی اولاد ہیں وہ سب اسرائیلی نہیں ‘‘ (رومیوں ۹باب ۶ آیت)۔ فرق اِس لئے بھی اہم ہے، کیوں کہ یہ اِس بات کا احساس دِلاتا ہے کہ کتابِ مقدس کلیسیا کے بارے میں کیا تصدیق کرتی ہے۔ یہ پاک ہے (۱-کرنتھیوں ۱باب ۲ آیت)، کیوں کہ دیدنی کلیسیایا چُنے ہوئے،یسوع مسیح میں اُس کے اتحاد کے ذریعے سے الگ کئے گئے لوگ ہیں۔ دیدنی کلیسیا کے اندر غلط عہدے اُسے تبدیل نہیں کر تے اور نہ کر سکتے ہیں۔
آخر میں یہ امتیاز اہم ہیں، کیوں کہ یہ ہمیں غور سے سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ کلیسیا کِس طرح خدمت کرتی ہے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ دیدنی کلیسیا زیادہ سے زیادہ نادیدنی کلیسیا کی عکاسی کرے۔ یعنی ہم چاہتے ہیں کہ وہ تمام لوگ جو مسیح کو جاننے کا دعویٰ کرتے ہیں وہ حقیقی معنوں میں اُس کامِل ذات کے متعلق جانیں۔ لہٰذا، کلیسیا کو اپنی پاکیزگی کی حفاظت کرنے اور جھوٹے اُستادوں کےحقیقی تبدل کے لئے کیا کرنا چاہئے؟
مسیح کی منادی کریں
اِس مقصد کے لئے سب سے اہم خدمت مسیح یسوع اور اُس کی مصلوبیت کی واضح منادی ہے۔ ہمیں یہ نہیں بُھولنا چاہئے کہ خوش خبری، یقیناً، مسیحیوں کے لئے ضروری ہے، اور یہ ایک ایسی چیز نہیں ہے جسے ہم نے فقط کلیسیا میں داخل ہوتے ہوئے یا اپنی موت کے چند لمحے پہلے قبو ل کرنا ہے۔ ایک مسیحی کو کُلی طور پر اپنی زِندگی کے لئے خوش خبری کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اِیمان اور توبہ ایک دفعہ کے اعمال نہیں ہیں بلکہ یہ جاری رہنے والا عمل ہے۔ ہمیں مسلسل اپنے گناہوں کو ترک کرنے اور یسوع مسیح میں خدا کے فضل کی جانب لوٹنے کی ضرور ت ہوتی ہے۔ ہمارے لئے اُس کی برکتیں ہر روز نئی ہوتی ہیں، اور ہمیں ہر روز اُن کے بارے میں سُننے کی ضرورت ہے۔
ہمارا مقصد یہ ہے کہ دیدنی کلیسیا زیادہ سے زیادہ نادیدنی کلیسیا کی عکاسی کرے۔
اگر خوش خبری اِیمان داروں کے لئے ضروری ہے، تو پھر بے اِیمانوں کے لئے کِس قدر زیادہ ضرور ہو گی جو ’’۔۔۔ نااُمید اور دُنیا سے جدا (ہیں)تھے ‘‘ (افسیوں ۲:۱۲)۔ کلیسیا کو اپنی منادی میں اِس اہم ضرورت کی عکاسی کرنی چاہئے جو ہر روح کواُن کے ابدی نجات دہندہ سے ملنی ہے۔ کسی بھی کلیسیائی جماعت کو یہ خیال نہیں کرنا چاہئے کہ اُنہوں نے پہلے ہی اِس مقصد کو حاصل کر لیا ہے (فلپیوں ۳باب ۱۲ آیت ) اور یہ بھی کہ جو لوگ کلیسیا سے باہر ہیں فقط اُنہی کو خوش خبری کی ضرورت ہے ۔ اِنجیل کی منادی صِرف بازاروں، بیداری کی کانفرنسوں اور خصوصی تقریبات کے لئے نہیں ہے۔ خوش خبری کی منادی اتوار کے لئے بھی ہے، کیوں کہ چرچ میں کرسیوں پر بیٹھے ہر ایک مسیحی کو اِس کی حقیقی طور سے ضرورت ہے، اور اِس ہفتے، خدا کے فضل سے، ممکن ہے کہ کلیسیا کا ایک ساری عمر کا رُکن شاید پہلی بار اِس پیغام پر یقین کرے۔
کلیسیائی صابطے کا انتظام کرنا
اِیمان داروں اور بے اِیمانوں کے مخلوط بدن کے طور پر دیدنی کلیسیا کوکلیسیائی ضابطے کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔ ’’ کلیسیا ئی ضابطہ آئین شکن بھائیوں کی اصلاح اور بحالی، دوسروں کو گناہ سے روکنے ، خمیر جس سے سارا گندھا ہوا آٹا خراب ہو سکتا ہے ، اُس کی تطہیر کرنے ‘‘ کے لئے ہے۔ (ویسٹ منسٹر اقرار الایمان : باب۳۰جُز ۳)۔ کلیسیا کے رہنما گلّہ کی حفاظت کرتے ہیں اور مسیح کی کلیسیا کو پاک رکھ کر اُس کے پاک نام کو فروغ دیتے ہیں۔ یسوع مسیح بھی کلیسیا میں غیر توبہ یافتہ ارکان کے بارے میں فرماتا ہے کہ ’’ اگر کلیسیا کی سُننے سے بھی اِنکار کرے تو تُو اُسے غیر قوم والے اور محصول لینے والے کے برابر جان‘‘ (متی ۱۸باب ۱۷ آیت)۔ پاسبان اور بزرگ جو کلیسیائی ضابطے کو سنجیدگی سے نہیں لیتے ہیں وہ دیدنی اور نادیدنی کلیسیا کے درمیان اختلاف کو گہرا کرنے کا خطرہ مول لیتے ہیں۔
متوقع جلال
جب کہ خدا کے لوگوں میں گناہ کی موجودگی حوصلہ شکنی ہے، یہ فرق درحقیقت اُمید اُجا گر کرتا ہے اور اِس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ کلیسیا کے محض دیدنی نظارے سے بڑھ کر بھی کوئی شے ہے۔ ذاتی تقدیس کے حوالے سے جان نیوٹن کے الفاظ کلیسیا کو بیان کرنے کے لئے بھی موزوں ہیں۔ ’’مَیں وہ نہیں ہوں جو مجھے ہونا چاہئے، نہ وہ جو مَیں بننا چاہتا ہوں، اور نہ ہی وہ جو بننے کی اُمید کرتا ہوں، مَیں سچ کہہ سکتا ہوں کہ مَیں وہ نہیں ہوں جو مَیں پہلے تھا اور جو کچھ ہوں خدا کے فضل سے ہوں۔‘‘
اور یہ کہا گیا ہے کہ زمین پر کلیسیا ایک عظیم الشان عمارت کی مانند ہے جس کی خوب صورتی مچانوں سے دُھندلی ہوتی ہے۔ جب کہ مچانوں نے ڈھانچے کے نظارے کو متاثر کیا ہے. یہ صِرف عارضی طور پر تزئین و آرائش اور ایک عظیم مقصد کے لئے ہیں ۔ ہم میں موجود روح القدس کے ذریعے سے دیدنی کلیسیا کے اندر وہ تمام عناصر موجود ہیں جو ایک شان دار بحالی کے لئے ضروری ہیں، اور جلد ہی یہ عناصر ظاہر ہونے والے ہیں (رومیوں ۸باب ۲۳ آیت)۔ لہٰذا، ہمارے پاس اپنی خدمت پر زور دینے اور پُر اُمید اعتماد کے ساتھ ایسا کرنے کی ہر وجہ موجود ہے اور کوئی بھی گناہ یا مسئلہ خدا کے لوگوں کو شکست نہیں دے سکتا۔
اِس شان دار پیش رفت کا مطلب یہ ہے کہ دیدنی کلیسیا وہ ہے جہاں ہر ایک کا ہونا لازِم ہے ۔ لہٰذا، ہم بے تابی سے باہر والوں کا اپنی کلیسیا میں خیر مقدم کرتے ہیں اور کلیسیا کے اندر کام کرنے والے ارکان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ ہم اُن تمام لوگوں کو قبول کرتے ہیں جنہوں نے مسیح میں اِیمان کا دعویٰ کیا ہے، بالکل اُسی طرح جیسے خدا نے ہمیں قبول کیا ہے۔ کسی بھی قسم کے شکوک و شبہات اور تعصبات کو ایک طرف رکھتے ہوئے ، ہم اُنہیں اپنے خاندان کے رُکن کے طور پر شمار کرتے ہیں۔ ایک ہی وقت میں ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ہماری کلیسیائی جماعتوں میں واقعی بے اِیمان موجود ہو سکتے ہیں، اِس لئے ہم اِس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ خوش خبری ہمارے ہر کام میں شامل ہے۔ پاک روح پر انحصار کرتے ہوئے اور مسیح یسوع کی اپنی کلیسیا کی تعمیر کے وعدے پر پختہ اِیمان کے ذریعے سے ، ہم بطورِ دیدنی کلیسیا ، نادیدنی کلیسیا میں داخلے کو عملی طور پر فروغ دیتے ہیں۔
یہ مضمون سب سے پہلے لیگنئیر منسٹریز کے بلاگ میں شائع ہو چکا ہے۔